جارحیت کا بدلہ،ایران کے بحرین، اردن اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے

تہران،واشنگٹن:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ )جارحیت کابدلہ،ایران کے بحرین، اردن اور کویت میں فوجی اڈوں پر شدید حملے،امریکہ کاانتہائی مہنگا اور جدید ایم کیو نائن ڈرون بھی تباہ کر دیا ۔

پاسداران انقلاب نے کہاجنوبی ایران میں امریکی جارحیت کے جواب میں طویل فاصلے تک مار کرنےوالے میرائل استعمال کئے ،بحرین، کویت، اردن سمیت خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا ،جم کے علاقے میں امریکہ کا ایک انتہائی مہنگا اور جدید ایم کیو نائن ڈرون بھی تباہ کر دیا ۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا، امریکہ کا مشن ایران کےخلاف بلااشتعال متناسب ردعمل ہے ، ایران کےخلاف جوابی حملوں کا سلسلہ مکمل کر لیا ،مزید کارروائی نہیں کرینگے۔

دریں اثنا ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا حملے اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی ، ہیلی کاپٹر حادثے کو بہانہ بنایا گیا، جواب میں مسلح افواج نے اپنے دفاع کے حق کا استعمال کیا،فوج نے خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا، اپنی سلامتی کے دفاع کےلئے کسی بھی خطرے کو نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کریں گے۔

وزارت خارجہ نے کہا علاقائی ممالک اپنی سرزمین امریکہ یا اسرائیل کواستعمال کیلئے فراہم نہ کریں، کسی بھی معاونت کو دشمنی تصور کیا جائے گا، اقوام متحدہ امریکہ کو حملوں پر جوابدہ ٹھہرائے،موجودہ علاقائی صورتحال انتہائی حساس ،تمام پڑوسی ممالک کو کشیدگی میں اضافے کی بجائے امن، استحکام و سفارتی حل کی حمایت کرنی چاہیے۔

وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا امریکہ محفوظ رہنا چاہتا ہے تو خطے سے نکل جائے، امریکہ نے میدان جنگ میں ناکامیوں کے باوجود ایران کے عزم کو آزمانے کا فیصلہ کیا ،طاقتور مسلح افواج کسی بھی حملے یا دھمکی کا جواب دئیے بغیر نہیں رہیں گی،موجودہ صورتحال میں کسی بھی ممکنہ حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا جنگ ایران کے مفاد میں نہیں لیکن دھمکیوں سے جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا، حملہ کیا گیا تو ایران کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گا،مکمل جنگ ہے نہ ہی پائیدار امن، حکومت قومی خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے سفارتی تعطل کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہے،کسی ملک کو طیاروں، بمباری کے ذریعے سرنڈر کرنے پر مجبور نہیں کیاجاسکتا۔