لاہور: (سٹاف رپورٹر)پشاور سے تعلق رکھنے والی 40 سالہ شمیم رحمت کا لاہور جنرل ہسپتال میں بلا معاوضہ کامیاب علاج کیا گیا ۔مریضہ کے اہلِ خانہ نے شمیم رحمت کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی پروزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو دعائیں دیں اور پنجاب کے ہسپتالوں میں انقلابی اقدامات کی تعریف کی
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا لاہور جنرل ہسپتال میں آنے والا ہر مریض ہمارے لیے وی آئی پی ہے، بہتر نگہداشت ہمارا ماٹو ، سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، انہوں نے ڈی ایم ایس ڈاکٹر صنم یار اور ڈاکٹر سندس طاہر کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت، ذمہ داری، بہترین فیڈ بیک سروس، دوسرے صوبے سے آنے والے مریضوں کی مسلسل نگرانی اور ان کی بہترین نگہداشت پر خصوصی تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔
اہل خانہ کے مطابق شمیم رحمت امراضِ نسواں کی پیچیدہ بیماری میں مبتلا تھیں، خیبر پختونخوا کے مختلف ہسپتالوں میں علاج ناکام ہونے کے بعد اہلِ خانہ مایوس ہو کر انہیں پنجاب لے آئے جہاں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ بلا امتیاز بہترین طبی سہولیات کی پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جنرل ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔گائنی یونٹ ون کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ندرت سہیل کی زیر نگرانی ٹیم نے مریضہ کا تفصیلی معائنہ کیا، تمام ضروری تشخیصی ٹیسٹ کرائے اور علاج شروع کیا اور یوٹرس کی کامیاب سرجری کے نتیجے میں شمیم رحمت صحت یاب ہوئی۔
پشاور کی مریضہ صحت یاب ہو کر جنرل ہسپتال سے ڈسچارج


















