انمول عرف پنکی 18مقدمات میں جیل منتقل،لاہور سے2غیر ملکی گرفتار


کراچی،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)عدالت نے منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کو 18مقدمات میں جیل منتقل کردیا۔

انمول پنکی کوسخت سکیورٹی حصار میں جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرکے مختلف عدالتوں میں پیش کیا گیا،عدالت نے تمام مقدمات میں جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انمول عرف پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دےدیا۔

ادھر انمول عرف پنکی کےخلاف منی لانڈرنگ ، سائبر کرائمز کے زاویوں سے تحقیقات کےلئے کراچی پولیس نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)سے باقاعدہ مدد مانگ لی ،ڈی آئی جی ساوتھ اسد رضا نے ایف آئی اے حکام کو باقاعدہ مکتوب ارسال کردیا۔

دریں اثناایف آئی اے نے کوکین کوئین انمول عرف پنکی کیس میں تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پنجاب سے 2اہم ملزموں کو گرفتار کر لیا،دونوں ملزم غیر ملکی ،تعلق نائیجیریا سے بتایا جاتا ہے،بڑے ڈرگ نیٹ ورک سے منسلک اور صوبے میں منشیات کی سپلائی میں ملوث تھے۔