روٹی،نان کی قیمتیں قابو،عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جائے:مریم نواز


لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت گندم،زراعت اور فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن کے اعلیٰ سطح اجلاس میں محکمہ زراعت اور فوڈ سیفٹی اور گندم کی دستیابی ، قیمتوں کے استحکام کےلئے بڑے فیصلے کیے گئے، وزیر اعلیٰ کو گندم،زراعت اور فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن بریفنگ دی گئی۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے،گندم کے ایک ایک دانے کو محفوظ بنانے کےلئے پنجاب میں اے آئی بیسڈ ایڈوانس لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، خوراک کی فول پروف پالیسی سازی کےلئے لائیوڈیش بورڈ گندم کی طلب،رسد، مانیٹرنگ اور پراس کنٹرول کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا، لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے پنجاب میں گندم کے وافر سٹاکس کی ڈے ٹو ڈے مانیٹرنگ کی جائے گی، پنجاب میں لائسنس یافتہ ایگریگیٹرز اور سٹاکرز کو قانونی طور پر گندم رکھنے کی اجازت مل گئی، پنجاب بھر میں اب کوئی بھی لائسنس یافتہ ایگریگیٹر اور سٹاکر قانونی طور پر گندم کا سٹاک رکھ سکتا ہے، اجلاس میں تمام لائسنس یافتہ ایگریگیٹرز اور اسٹاکرز کےلئے گندم کا سٹاک ڈکلیئر کرنا لازمی قرار دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے 2 ہفتوں میں گندم سٹاک ڈکلیئر نہ کرنےوالوں کےخلاف اینٹی ہورڈنگ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی کا حکم،سٹاک ایمانداری سے ڈکلیئر کرنےوالے ایگریگیٹرز کو حکومت کی طرف سے ترغیبات دینے کا عندیہ بھی دیدیا، مریم نواز نے کسانوں، ایگریگیٹرز، ملرز اور بڑے سٹاکرز کو ہر ممکن سہولیات اور کاروباری آسانی فراہم کرنے کی ہدایت، جدید طرز گورننس کے تقاضوں کے مطابق محکمہ خوراک کی مکمل اوور ہالنگ اور ری ویمپنگ کا حکم دیا، وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں روٹی اور نان کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے، عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کی سخت تاکیدکی۔

مزید بر آں وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری پاکستان چین کی لازوال دوستی کی 75 ویں سالگرہ پردونوں ممالک کی قیادت اور عوام کومبارکباد دیتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ،کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور عوام کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مریم نواز نے دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی، پائیدار امن، اور باہمی تعاون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال کی بے مثال تکمیل تاریخ ساز سنگ میل ہے، پاک چین دوستی زندہ باد! اپنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہراتے ہیں،سی پیک دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور روشن مستقبل کی نوید ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں کہا پاکستان متنوع ثقافتوں، زبانوں، روایات اور اقدار کا مرکز ، ثقافتی تنوع قومی شناخت اور تہذیبی ورثہ ہے، ثقافتی تنوع سے اتحاد و یگانگت، مثبت اقدار، برداشت اور ہم آہنگی بھی فروغ پاتی ہے، ثقافتی تنوع کا عالمی دن منا نے کا مقصد مکالمہ اور ترقی سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔