پاک بیجنگ مثالی دوستی ،ون چین پالیسی کی حمایت کرتے رہیں گے،صدر،وزیراعظم


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)شہد سے میٹھی اور ہمالیہ سے بلند پاک چین دوستی کو75 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں تقاریب ،پرچم لہرانے کےساتھ قومی ترانے بجائے گئے، دونوں ممالک کے درمیان تعاون و ترقی کے عزم کا اعادہ کیا گیا،خصوصی تقریب میںصدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ،وائس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس تسائی دافنگ ودیگر نے شرکت کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہاپاک بیجنگ مثالی دوستی تذویراتی شراکت داری میں تبدیل،ہمیشہ ون چین پالیسی کی حمایت کرتے رہیں گے، دنیا میں منفرد مثال پاک، چین دوستی وقت کی ہرآزمائش پر پوری اتری ، چینی بھائیوں کی تقریب میں موجودگی باعث مسرت ہے، صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی اور چینی قیادت کو خوشی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں،چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کےساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا، سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت، چین نے بے مثال ساتھ دیا، پاکستان ہمیشہ ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتا رہے گا۔

شہبازشریف نے کہاوقت گزرنے کےساتھ دونوں ملکوں کی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہوئی، سی پیک صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا عملی مظہر، سی پیک ملکی معیشت اور روزگار کی فراہمی کےلئے اہم ہے،پاکستانی عوام نے ہر مشکل وقت میں چین کے تعاون کو سراہا، خطے کی موجودہ صورتحال میں پاکستان امن کےلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے،پاک، چین دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند ،شہد سے میٹھی ہے، مشترکہ کاوشوں سے ترقی کا راستہ طے کریں گے، چین کی اقتصادی ، فوجی قوت دنیا کےلئے مثال ہے۔

وزیراعظم نے کہا زراعت میں جدت کےلئے چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے، ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس نے چین میں جدید تربیت مکمل کرلی،پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی ترجیح ہے، اپنے چینی بھائیوں کےلئے اعلیٰ ترین پیمانے کی سکیورٹی فراہم کرینگے،امید ہے صدر شی جن پنگ جلد پاکستان تشریف لائیں گے،شراکت داری مشترکہ ملکیت، کاوشوں اور خلوص نیت کے توسط سے آگے بڑھے گی۔

وائس چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نیشنل پیپلز کانگریس تسائی دافنگ نے کہا سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ پر تقریب میں شرکت باعث مسرت ، صدر ،وزیراعظم کا شکریہ،2015 میں سی پیک کے تحت تعلقات ”آل ویدرسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ تک پہنچائے گئے، عالمی فورمز پر پاکستان کےساتھ قریبی روابط مزید بڑھائیں گے،چین پاکستان کی قومی آزادی، خودمختاری، علاقائی سالمیت ، وقار کے تحفظ کی مضبوط حمایت جاری رکھے گا،حقیقی کثیرالجہتی اور منصفانہ عالمی نظام کےلئے ملکر کام ،سائنس، ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تحفظ کےلئے تعاون بڑھائیں گے۔

صدر زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا75 سال پہلے شروع ہونےوالا سفر آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنر شپ میں بدل چکا ،دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کا دفاع کیا،چین کےساتھ دوستی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ، ترقی کا حصول پاکستان ،چین کا مشترکہ خواب ، دوطرفہ تعلقات کو عوامی، سیاسی، ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے،صدرشی جن پنگ کی قیادت نے پاک چین تعلقات کو بے مثال بلندیوں تک پہنچایا، چین کی ترقی، جدت، غربت کا خاتمہ دنیا کےلئے مثال ہے۔

آصف زرداری نے کہا دونوں ملکوں کے فروغ پاتے تعلقات سے مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع کھلے،گلوبل ڈویلپمنٹ، سکیورٹی، گورننس اقدامات پر چین کا کردارلائق تحسین ، گوادر بندرگاہ کی تعمیر چین کی جانب سے عظیم تحفہ ،پاکستان چین کے بنیادی قومی مفادات، ون چائنہ پالیسی کی حمایت کرتا رہے گا،دونوں ملک امن، استحکام، کثیرالجہتی ترقی کےلئے ملکر کام کر رہے ہیں،آئیں! تاریخی موقع پر فولادی دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے کا عہد کریں، امن، ترقی و خوشحالی کے تسلسل کےلئے دعاگو ہیں۔

صدر زرداری ،کائے ڈی فینگ نے یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا، بچوں کی جانب سے چینی ثقافتی نغموں پر شاندار پرفارمنس پیش کی گئی،زرداری، شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، کائے ڈی فینگ ،چینی سفیر نے ملکرکیک کاٹا، پاکستانی ، چینی گلوکاروں نے دونوں ملکوں کے نغمے پیش کیے،وزیراعظم شہباز شریف ،کائے ڈی فینگ نے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کیا۔