پشاور (بیورو رپورٹ) صوبے میں پہلی بار وزیر اعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا صوبائی حقوق کےلئے ایک پیج پر آگئے، صوبے کو گندم کی ترسیل ، سی این جی کی بندش پر سیاسی اختلافات بھلا کر مشترکہ جدوجہد کا اعلان کر دیا،خیبر پختونخوا اسمبلی کے قومی جرگہ ہال میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی ، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت خیبر پختونخوا کےساتھ ظلم کر رہی ہے، آرٹیکل 151 کے تحت خوراک کی اشیاءکی نقل و حمل پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی، خیبر پختونخوا کا غریب شہری پاکستان میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خرید رہا، 508 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرنے کے باوجود سی این جی سٹیشنز کو گیس فراہم نہیں کی جا رہی، پنجاب نے آٹا بند کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا، میں دیکھ رہا ہوں حکومت کی ناکام پالیسیوں کا ملبہ کے پی حکومت پر گرایا جائے گا، وفاقی حکومت مختلف منصوبوں میں ہمارے ساتھ غیر قانونی و غیر آئینی رویہ روا رکھے ہوئے ہے، صوبے میں وفاق کے کاموں کےلئے ہم برییج فنانسنگ بھی کر رہے ہیں، صوبے میں گیس کی بندش مکمل طور پر غیر قانونی ہے،گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا گندم کی ترسیل اور سی این جی کی بندش اس وقت خیبر پختونخوا کے اہم ترین مسائل بن چکے ہیں جن سے صوبے کا غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے، وزیراعظم صوبے کے مسائل پر ”شہباز سپیڈ“ سے کام کریں۔
وزیراعلیٰ، گورنر کے پی صوبائی حقوق کےلئے پہلی بار ایک پیج پر



















