وزیراعظم نے منی بجٹ کیلئے معاشی ٹیم کی ٹیکس تجاویز مسترد کردیں

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ٹیم کی ٹیکس تجاویز مسترد کردیں اور واضح کیا کہ منی بجٹ آئیگا نہ سالانہ بجٹ قبل از وقت پیش ہوگا۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کیلئے معاشی ٹیم نے ٹیکس تجاویز پیش کیں جنہیں وزیراعظم نے مسترد کر دیا اور کہا کہ فی الحال کوئی نیا ٹیکس بھی نہیں لگے گا ،عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر توجہ رکھی جائے۔

وزیراعظم نے مئی کے آخری ہفتے میں بجٹ پیش کرنے کی تجویز بھی مسترد کردی اور معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ جون سے پہلے نہ ٹیکس اور نہ ہی منی بجٹ لایا جائے۔ وزیراعظم نے منی بجٹ کے ذریعے مختلف ٹیکس کی تجاویز مسترد کردیں، مشرق وسطی کی کشیدگی کے باعث ٹیکس آمدن بڑھانے کیلئے تجاویز پیش کی گئیں، پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی عالمی منڈی میں نرخوں سے عوام پریشان ہیں، مزید ٹیکس نہیں لگے گا، کشیدہ صورتحال میں آئی ایم ایف کو ریلیف کیلئے منایا جائے۔ معاشی ٹیم کو آئندہ بجٹ میں ریلیف اقدامات کئے جانے کی بھی ہدایت کی، آئندہ بجٹ کی ترجیحات حالات کے مطابق تبدیل کئے جانے کی تجاویز ہیں، آئندہ بجٹ جون کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔