اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے معیشت کی پائیدار ترقی کےلئے صنعت وحرفت کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔
شعبہ جاتی اصلاحات اور پالیسی اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاصنعتی مصنوعات کی ملکی پیداوار ،برآمدات بڑھانے کےلئے موثر پالیسی اقدامات حکومتی ترجیحات کا حصہ ہیں، صنعت و تجارت ، معیشت کے مختلف شعبہ جات میں اصلاحات کا مقصد طویل المدتی معاشی افادیت و عوامی فلاح ہونا چاہئے،مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو متبادل توانائی کے ذرائع سے پورا کرنے کےلئے جامع حکمت عملی پر بھرپور انداز میں کام ہو رہا ہے، توانائی کی بچت اور سستی ٹرانسپورٹ کی ملکی ضروریات پوری کرنے کےلئے جامع و موثر الیکٹرک وہیکلز پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شہبازشریف نے کہاجدید ٹیکنالوجی کی مختلف شعبوں میں شمولیت کےلئے تمام وزارتیں ،ماہرین کی بامعنی مشاورت کو یقینی بنائیں، موثر ترقیاتی پالیسیز کی تشکیل و نفاذ کیلئے تمام وزراتیں باہمی تعاون ،ہم آہنگی سے کام کریں، تمام اصلاحات ،اقدامات میں انتظامی شفافیت و بہترین کارکردگی ترجیح ہے۔
معاشی ترقی کیلئے صنعت و حرفت کا فروغ ،بیرونی سرمایہ کاری ناگزیر ہے، وزیراعظم


















