امریکا ایران مذاکرات: فیلڈ مارشل کی ایرانی وزیر خارجہ سے کشیدگی میں کمی پرگفتگو

تہران (مشرق نیوز) پاکستان کی امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران میں موجود ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، امن، استحکام، مغربی ایشیا کی سکیورٹی سے متعلق سفارتی کوششوں پر گفتگو کی۔

گزشتہ روز فیلڈ مارشل عاصم منیر جاری ثالثی کوششوں کے سلسلے میں تہران پہنچے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تہران آمد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے فیلڈمارشل کو خوش آمدید کہا اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔

دوسری جانب سکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دورہ ایران کے دوران ایران امریکہ بات چیت ،خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت کرینگے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم اعلیٰ ایرانی شخصیات سے ملاقات کرینگے۔