بلاول بھٹو سمیت سارے لیڈر بتادیں سسٹم کو کیسے ری سیٹ کریں؟، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے بلاول بھٹو کا سسٹم کولیپس کا بیان تاخیر سے آیا، چیئرمین پیپلز پارٹی سمیت سارے لیڈر بتادیں سسٹم کو کیسے ری سیٹ کریں؟ سارے ذاتی مفاد کےلئے اکھٹے ہوئے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاانصاف مانگنا عمران خان کاحق ہے،بانی نے ملک کی تینوں بڑی عدالتوں کے چیف جسٹس کو خط لکھا،علیمہ خانم کی نظر بندی کے 60 دن پورے ہوگئے، پنجاب میں کسی غیر سیاسی خاتون نے اتنی طویل نظر بندی نہیں گزاری یہ سسٹم کولیپس کی نشان دہی ہے،نیب قوانین تبدیل کرکے اپنے کیسز ختم کرالیے، ای وی ایم کو نکال کر کہا گیا سسٹم کو ٹھیک کر رہے ہیں، آپ نے اقتدار لیا آپ بینیفشری ہیں، ضرور کسی اور نے آپ کو کرسی تک پہنچایا، سسٹم کو اگر ری سیٹ کرنا ہے تو عوامی فلاح بہبود، جمہوریت کےلئے کرنا ہے، جمہوریت میں سارے سٹیک ہولڈر ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہابلاول بھٹو نے تسلیم کرلیا پی ٹی آئی کے بغیر بات نہیں بنے گی، نظام پر اعتماد تب بحال ہو گا جب لوگوں کو انصاف ملے گا، الیکشن صاف شفاف ،عدلیہ آزاد ہوگی، میں کسی ایک کو بھی شک کا فائدہ نہیں دوں گا، کراچی میں 15سیٹیں ایم کیو ایم کے پاس گئیں ،سب آپس کے مفادات کےلئے اکھٹے ہو جاتے ہیں ،بیرسٹر گوہر نے کہاحکومت میں شامل تمام جماعتیں سسٹم کی بینیفشری ہیں، وقت ہے قومی حکومت کی طرف آئیں، آزاد عدلیہ، الیکشن کمیشن قائم کریں، انتخابات کرائیں، سب استعفیٰ دیں اور فوری قومی حکومت بنائیں۔