لاہور (جنرل رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مطالبات تسلیم کرنے پر آمادگی کے بعد آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی ۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رانا عبدالجبار کے مطابق شہر میں ایل پی جی کی تمام دکانیں کھولی جارہی ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اگلے روز مذاکراتی اجلاس بھی طے پا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ہڑتال کے دوران ضلعی انتظامیہ نے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو مذاکرات کیلئے پیرا سٹیشن راوی روڈ بلایا ۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات ناکام ہونے پر چیئرمین میاں اجمل کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اور عدم تعاون کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں موقع پر گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں نے بھی گرفتاری دے دی۔تاہم بعدازاں ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔دکانداروں کے مطابق وہ گیس پلانٹس سے ایل پی جی سستی قیمت پر ملنے کی صورت میں ہی صارفین کو سستی فروخت کرسکتے ہیں۔دوسری جانب سپلائی متاثر ہونے سے ایل پی جی کی قلت پیدا ہو گئی ہے جس کی وجہ سے قیمت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ اوپن مارکیٹ میں مختلف مقامات پر ایل پی جی 600روپے کلو تک بھی فروخت کی گئی ۔
انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب،ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم



















