اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کے پی میں بڑھتی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، خواہش ہے خیبر پختونخوا میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی ہو۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے کہا خیبر پختونخوا کے عوام کی دہشتگردی کےخلاف قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی ،بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے موثر اقدامات جاری رکھے جائےں،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کی ترقی ،عوام کی خوشحالی ترجیحات میں شامل ہے۔
دریں اثنااجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہاوسنگ، زراعت ،ایس ایم ای شعبوں کو مالی وسائل کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کرکے قرضوں کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو قرضوں کی فراہمی میں سہولت کےلئے ایس ایم ای پورٹل نومبر کے اختتام تک فعال کیا جائے، نیشنل بینک آف پاکستان کی ہاوسنگ فنانس کے شعبے میں قرضوں کی منظوری کی شرح 76 فیصد ہونا قابل تحسین ہے۔
شہبازشریف نے کہا ایس ایم ای پورٹل کے ذریعے بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی ،لیٹرز آف کریڈٹ (ایل سیز) سمیت کاروباری سہولیات کی تازہ ترین صورتحال کی براہ راست نگرانی ممکن ہوگی،ایس ایم ایز کی استعداد کار بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، پیداواری صلاحیت میں اضافے ،عالمی ویلیو چین سے منسلک کرنے کےلئے سمیڈا مو¿ثر اقدامات کرے۔
وزیراعظم نے کہا نئے تعینات ہونے والے صدر نیشنل بینک کی کارکردگی بڑھانے کیلئے بہترین پروفیشنلز کی خدمات لیں ،مطلوبہ نتائج نہ دینے والے عملے کےخلاف بلا خوف محکمانہ کاروائی کی جائے،بینکوں کےلئے ہاوسنگ فنانس کی فراہمی آسان بنانے کےلئے دیگر صوبے پنجاب کی طرز پر اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کریں،اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے بینکوں کےلئے ہاو¿سنگ قرضوں کی فراہمی میں آسانی ،شفافیت آئے گی۔
ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے کی اصلاحات اور مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے پر پیشرفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ریلوے کو مضبوط، منافع بخش ،مالی طور پر خود کفیل ادارہ بنانے کےلئے کارپوریٹ طرز کی اصلاحات ناگزیر ہیں،ریلوے کی اربوں مالیت اراضی کو کمرشل بنیادوں پر موثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایم ایل ون منصوبے کی تعمیر کو آگے بڑھایا جائے، ریلوے املاک میں موجود حقیقی تجارتی صلاحیت کو بروئے کار لا کر نہ صرف ادارے کی آمدن بڑھائی جا سکتی ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ پہنچایا جا سکتا ہے،ریلوے اراضی کی تجارتی استعداد اور فنڈنگ کے امکانات پر2ہفتوں میں جامع منصوبہ پیش کیا جائے۔
کے پی میں بڑھتی دہشتگردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، وزیر اعظم



















