قزاقوں کی فائرنگ سے 3پاکستانیوں کی شہادت دلخراش سانحہ ہے ،نعیم الرحمن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانی شہریوں کی شہادت کو انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ قرار دےدیا۔

اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا پاکستانیوں کی بحفاظت بازیابی کےلئے ہر سطح پر آواز اٹھائی ، احتجاج کیا گیا، میں نے خود حکومت ،حکومتی اداروں سے بار بار رابطہ کیا مگر حکومت بروقت موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی،حد تو یہ ہے کراچی میں متاثرہ خاندانوں کے احتجاجی کیمپ کو بھی اکھاڑ دیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا حکومتی ناکافی کوششوں ،غفلت کے باعث 3 پاکستانی شہری ،جانوں سے گئے ،اہلخانہ پر قیامت ٹوٹ پڑی،صرف 3خاندانوں نہیں، پوری قوم کا نقصان ہے، حکومت کو سانحہ کی ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے حقائق قوم کے سامنے لانے چاہئیں۔