لاہور:(اپنے نمائند سے )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے پٹرولیم لیوی میں کمی نہیں مکمل خاتمہ چاہتے ہیں، وزیراعظم وعدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے بات چیت کا آغاز کریں ، معاملات کو لٹکانے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے سپر لانگ مارچ کا آغاز ہوجائے گا، اسد قیصر نے آل پارٹیز کانفرنس کیلئے رابطہ کیا،مشاورت کےلئے منصورہ آنے کی دعوت دےدی، پی ٹی آئی کی پیشکش سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کو آگاہ کردیا جائےگا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہاحیدرآباد کے بعد اوکاڑہ، چارسدہ ، بونیر میں جلسے ہوں گے،سپرلانگ مارچ کےلئے چاروں صوبوں میں تیاریاں ،انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، لانگ مارچ کاملتان سے آغاز ہونے کے بعد اسلام آباد تک جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگائے جائیں گے ، کے پی سے اسلام آباد روٹ پر تمام شہروں ، قصبات میں لانگ مارچ کا استقبال کیا جائےگا۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہاآئین ہر فرد ، سیاسی جماعت کو احتجاج کی اجازت دیتا،ملک میں کرپشن ، لوٹ مار کا بازار گرم ، اسٹیبلشمنٹ کاتمام اداروں پر کنٹرول ،ہائبرڈ نظام چل رہاہے ، سیاسی جماعتوں پر افراد اور خاندانوں کی اجارہ داری سے پارلیمانی جمہوریت کو بے پناہ نقصان پہنچا ،قومی ڈائیلاگ کا آغاز کیاجائے۔
وزیراعظم بلاتاخیر لیوی پر مذاکرات کریں ورنہ لانگ مارچ کا آغاز ہو گا، جماعت اسلامی



















