لاہور:(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل طلبہ کو بے دخل کرنے سے روکدیا۔
جسٹس خالد اسحاق نے افغان طلبہ کی درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے وکیل نے موقف اختیار کیا افغان طلبہ کے پاس مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں ،دنیا بھر میں اصول ہے درست ویزے کے بغیر کسی شخص کو قیام کی اجازت نہیں دی جاتی،جسٹس خالد اسحاق نے استفسار کیا جب طلبہ کو میڈیکل کالجز میں داخلہ دیا گیا تو تعلیمی ویزے کیسے جاری کیے گئے؟4سال تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد طلبہ کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کیسے کیا گیا، کسی بھی اقدام سے قبل سنا جانا چاہئے تھا،افغان طلبہ کو میڈیکل تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس بھیجا جا سکتا ہے۔
عدالت نے ریاستی سلامتی پر موقف مسترد کرتے ہوئے کہا معاملے میں ریاستی سلامتی کا کوئی مسئلہ نہیں،کوئی بھی میڈیکل کالج افغان طلبہ کو بے دخل نہ کرے اور نہ ہی امتحانی پرچے منسوخ کیے جائیں، عدالت نے مزید کارروائی آئندہ جمعہ تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل طلبہ کو بے دخل کرنے سے روکدیا

















