ہر شہر ترقی کی راہ پر گامزن ، عوام کی سہولت کیلئے تمام وسائل حاضر ہیں،مریم نواز

لاہور،سرگودھا:(اپنے رپورٹر سے،ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سرگودھا کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی،صوبائی وزیر صہیب احمد ملک، منصور اعظم، میاں سلطان رانجھا، اکرام الحق، صفدر حسین ساہی، رانا منور ، تیمور علی خان، سردار عاصم شیر میکن شامل تھے۔

اراکین صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نوازکو سرگودھا نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام ، ریکارڈ مدت میں تکمیل پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سرگودھا میں الیکٹروبس کے آغاز پر اظہار تشکرکیا اور کہا وزیراعلیٰ مریم نوازکے فلاحی پراجیکٹس کوپاکستان ہی نہیں بلکہ بیرون ملک بھی سراہا جاتا ہے۔

مریم نواز نے سرگودھامیں مزید 7 الیکٹروبسیں مہیا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اراکین اسمبلی کومثالی گاوں ستھرا پنجاب پروگرام ، صاف پانی پراجیکٹ کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کردی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا الیکٹروبسوں پرعوام بالخصوص بچوں ،خواتین کو آرام دہ سفر کرتے دیکھ کردلی اطمینان ہوتا ہے، سرگودھا سمیت ہر شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا، عوام کی سہولت کیلئے تمام وسائل حاضر ہیں،پنجاب کے ہر حصے میں بلاتمیز و امتیاز ترقی نواز شریف کا ویژن ہے۔

دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔