اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سرمایہ کاروں کا اعتماد دوبارہ بحال،پاکستان کی عالمی معاشی میدان میں تاریخی کامیابی، یوروبانڈ کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرلیے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پہلی مرتبہ ایک ہی وقت میں 3 ارب ڈالر مالیت کے یورو بانڈ 2حصوں میں جاری کیے، ساڑھے 5 سالہ بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر ،10 سالہ بانڈ سے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے گئے، بانڈز کے اجرا کےلئے تقریباً 6 ارب ڈالر کی پیشکشیں عالمی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستانی معیشت پر اعتماد میں اضافے کی عکاسی ،کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری سے دلچسپی بڑھی،اقدام سے عالمی سرمایہ منڈیوں سے مختلف ذرائع کے ذریعے مالی وسائل حاصل کرنے کی راہ ہموار ،بیرونی فنانسنگ کے ذرائع کو مزید متنوع بنانے میں مدد ملے گی۔
ادھر ایشیائی ترقیاتی بینک کی ٹیکس اصلاحات تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا 3 ارب ڈالر کا یوروبانڈ تاریخ کا سب سے بڑا بانڈ ٹرانزیکشن ،اجرا عالمی ریٹنگ ایجنسیوں کے پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے،اپریل 2025 سے پاکستانی ریٹنگ میں 3 مرتبہ بہتری آئی، یوروبانڈ کیلئے آرڈر بک حجم سے دوگنا رہی، ٹیکس کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے،نظام میں جامع اصلاحات پر عمل پیرا ،ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی ،ایشیا، مشرق وسطیٰ، یورپ ، امریکہ کے سرمایہ کاروں نے یوروبانڈ میں دلچسپی ظاہر کی۔
سینیٹر اورنگزیب نے کہاعالمی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد دوبارہ بحال ہوا ، عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد موجودہ صورتحال کےساتھ پاکستان کے مستقبل پر بھی ہے،یوروبانڈ اجرا کوئی عارضی یا اچانک فیصلہ نہیں، درمیانی مدت کی جی ایم ٹی این حکمت عملی کا حصہ ،پاکستان سکوک، ڈالر سیٹلڈ بانڈز اور پانڈا بانڈز سے بیرونی فنانسنگ متنوع بنا رہا ہے۔
عالمی معاشی میدان میں تاریخی کامیابی، یوروبانڈ کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل


















