راولپنڈی،اسلام آبادکوئٹہ: (بیورورپورٹ)افغانستان سے دراندازی ناکام،سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ انداز میں دہشتگردوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا،مارے گئے خوارج سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا،دہشت گرد ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا افغان طالبان حکومت دہشتگرد تنظیم کو افغان سر زمین کے استعمال سے روکنے ،موثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ،سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کےلئے پرعزم ہیں، غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی ختم کرنے کےلئے انسداد دہشتگردی مہم جاری رہے گی۔
دریں اثنا صدر،وزیراعظم، وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاپوری قوم کو بہادر مسلح افواج پر فخر ہے،بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دینگے،ادھر بلوچستان کے شہر پشین میں ژوب شاہراہ پر زیارت کراس کے قریب فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے،پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے سکواڈ پر فائرنگ کی گئی،زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔
افغانستان سے دراندازی ناکام،بھارتی حمایت یافتہ 15 دہشتگرد جہنم واصل

















