اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان ، ترکیہ کی حکومت ،عوام کو یومِ فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے پاکستان دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی ،سلامتی کےلئے ترکیہ کےساتھ تمام شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے عزم پر ثابت قدم ہے،پاکستان، ترکیہ ،سعودی عرب مشترکہ سلامتی و اجتماعی دفاع کےلئے متحد ہیں۔
اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہاوہ اپنے عزیز بھائی صدر رجب طیب اردوان، حکومت ترکیہ ،برادر عوامِ کو یومِ فتح کی خوشیوں کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں،30اگست تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے جو غازی مصطفی کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل کی گئی ،فتح نے جدید ترک جمہوریہ کی بنیادیں استوار کیں، پاکستان ترک بھائیوں ،بہنوں کےساتھ ملکر جرات ،قومی عزم کی عظیم وقابل فخر میراث کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان ،ترکیہ میں تعلقات دلوں کے رشتے ،مکہ دفاعی معاہدہ پائیدار برادرانہ تعلقات کے سٹریٹجک اظہار کی تجدید ہے،دعا ہے پاکستان ،ترکیہ کے درمیان دائمی دوستی ،بھائی چارے کے رشتے آنے والی نسلوں تک پھلتے پھولتے رہیں،صدر مملکت آصف زرداری نے یومِ فتح کے موقع پر ترک ہم منصب رجب طیب اردوان ،عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاپاکستان ،ترکیہ کے درمیان تاریخ، ایمان اور باہمی تعاون کے گہرے رشتوں پر مبنی منفردو پائیدار تعلقات مزید فروغ پاتے رہیں گے،30اگست 1922کی عظیم فتح ترکیہ کی تاریخ کا اہم باب ہے۔
دریں اثنا پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کی کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کواستنبول میں ہوگا،تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف سٹاف شرکت کریں گے،ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی سلامتی کے امورسرفہرست ،دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے، مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی ،دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار و تیاری سمیت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
پاکستان، ترکیہ ،سعودیہ مشترکہ سلامتی کیلئے متحد،شراکت داری مزید گہری کرینگے،وزیراعظم

















