لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سب سے مشہور اور پرجوش سپورٹر ’چاچا کرکٹ‘ نے رواں سال ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ چاچا کرکٹ کے نام سے مشہور 77 سالہ عبدالجلیل 4 جون کو لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا تیسرا ون ڈے میچ اپنے ملک میں آخری بار سٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے چاچا کرکٹ کو خوبصورت انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں چاچا کرکٹ کو ایک عام مداح سے بڑھ کر پاکستان کرکٹ کی حمایت کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔ پی سی بی نے زندگی بھر کے جذبے، یادوں اور وفاداری کیلئے چاچا کرکٹ کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ چاچا کرکٹ نے پہلی بار 1968-49ءمیں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سٹیڈیم میں دیکھا تھا۔ بعد ازاں وہ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے مستقل حمایتی کے طور پر مشہور ہوئے۔ سبز لباس اور ٹوپی انکی پہچان بن گئی جبکہ 1999 ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بھرپور حمایت کے بعد انہیں عالمی شہرت ملی۔
عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ وہ اب سیالکوٹ کے قریب ایک ریسٹورنٹ اور میوزیم قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ کرکٹ سے جڑی اپنی یادگار اشیاءرکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے 500 میچز میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کا ہدف مکمل کر لیا ہے۔ چاچا کرکٹ نے پاکستان کی کئی تاریخی فتوحات اپنی آنکھوں سے دیکھیں، جن میں جاوید میانداد کا 1986 میں آخری گیند پر چھکا اور 2017 چیمپئنز ٹرافی فائنل شامل ہیں۔
تاہم حالیہ برسوں میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر وہ مایوس بھی دکھائی دیے، مگر اب بھی امید رکھتے ہیں کہ پاکستان ٹیم دوبارہ کامیابیوں کی راہ پر گامزن ہوگی۔
پی سی بی کا’ ’چاچا کرکٹ“ کو شاندار خراج عقیدت پیش


















