اسلام آباد، لاہور (بیورو رپورٹ+کامرس رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان اور چین کے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط میں غیر معمولی اضافہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے،وزیراعظم کی زیر صدارت حالیہ دورہ چین کے دوران منعقدہ پاک چینبزنس ٹو بزنس کانفرنس کے دوران لئے گئے فیصلوں کی پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا چین کے ساتھ صنعتی، زرعی اور تکنیکی تعاون کے فروغ سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، ہانگڑو بی ٹو بی کانفرنس میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں کو جلد باقاعدہ معاہدوں اور مشترکہ منصوبوںمیں تبدیل کیا جائے،شہباز شریف نے بی ٹو بی کانفرنس سے متعلق پیش رفت کے ماہانہ جائزہ اجلاس کی خود صدارت کرنے کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی چین کی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے درمیان تعاون کو عملی جامہ پہنایا جائے، زرعی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور پاک چین مشترکہ منصوبوں کے ذریعے پاکستان کے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلی لائی جا سکے گی،شرکا کو بریفنگ دی گئی ہانگڑو میں 24 مئی کو منعقدہ پاکستان۔چین بی ٹو بی کانفرنس میں 123 پاکستانی اور 436 چینی کمپنیوں نے شرکت کی، کانفرنس کے دوران تقریباً 7.54 ارب ڈالر مالیت کی 207 مفاہمتی یادداشتوںپر دستخط ہوئے جن میں بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز، مصنوعی ذہانت ، موبائل فونز اور ہینڈ ہیلڈ ڈیوائسز،کھاد، بیج، آبپاشی کے جدید آلات، فشریز اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں وسیع تعاون، بائیوٹیکنالوجی اور ویکسین سازی سمیت جدید صنعتی شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے شاملہیں،دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کو 15 جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام زیر التوا کیسز نمٹانے کی ہدایت کردی ،ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی اعلیٰ قیادت کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، وفد نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ اور ملک کی مجموعی معاشی ترقی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں،شہباز شریف نے کہا مسلسل محنت سے معیشت کو استحکام ملا، تیز تر معاشی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، صنعتی ترقی اور پیداوار بڑھانے کیلئے آئندہ بجٹ میں مزید اقدامات اٹھائیں گے،برآمدات پر مبنی معاشی ترقی مشن، اجتماعی کاوشوں سے مشن کی تکمیل یقینی بنائیں گے، پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کے باوجود ایکسپورٹ ری فنانس سکیم کی شرح جون 2027 تک 4.5 فیصد پر برقرار رہے گی، برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے بینکوں کا یہ فیصلہ قابل تحسین ہے،وزیراعظم نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کا مرکزی دفتر کراچی منتقل کرنے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کاروباری برادری کی درخواست پر وزیراعظم کی گجرات میں پاسپورٹ کا دفتر کھولنے کی ہدایت کی،شہباز شریف نے کہا ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کےلئے اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی معاشی ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں، پاکستانی سرمایہ کار جوائنٹ وینچرز کے ذریعے الیکٹرک وہیکلز کی مقامی پیداوار کو فروغ دیں،وفد کے شرکاءنے وزیراعظم، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خلیج کی کشیدہ صورتحال میں امن کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا،مشاورتی اجلاس میں ایف پی سی سی آئی، کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، سرحد، کوئٹہ، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کے صدور سمیت اعلیٰ قیادت شریک ہوئی،دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے ملاقات کی جس میں وزارت صحت سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی،ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے شعبہ صحت میں جاری اور آئندہ کے منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کو بریفنگ دی،شہباز شریف نے شعبہ صحت میں جاری اصلاحات، پولیو اور ہیپاٹائٹس جیسے دیگر موذی امراض کے خاتمے کےلئے وزارت کی کاوشوں کو سراہا۔
ایف بی آر15جون تک ٹیکس ریفنڈ کے تمام کیس نمٹائے:وزیر اعظم


















