اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے سی پیک سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے گیم چینجر، اگلے مرحلے کی کامیابی کےلئے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
شہباز شریف سے چین کی قومی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی،وزیراعظم نے پاک چین تاریخی و سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا75برسوں کے دوران دونوں ممالک نے باہمی اعتماد ،دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر سٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا منفرد رشتہ قائم کیا ،صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش اور چین کے بنیادی قومی مفادات کےلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا پاکستان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کےلئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہیں،چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے گیم چینجر ہے،اگلے مرحلے کی کامیابی کےلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہیں،زراعت، آئی ٹی، صنعت و معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ،اپنے آئندہ سرکاری دورے چین کامنتظر ہوں۔
وزیراعظم نے علاقائی صورتحال کے تناظر میں جنوبی ایشیا ،مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کےلئے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی ہم آہنگی و کثیرالجہتی تعاون کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا ،دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے کہاچینی قیادت تعلقات مزید مضبوط بنانے کےلئے پرعزم ہے،چین پاکستان کی حمایت ،قریبی تعاون جاری رکھے گا،چین علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کےلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،دونوں جانب سے زور دیا گیا پاکستان ،چین کے درمیان آہنی بھائی چارہ خطے میں امن، ترقی و استحکام کا اہم ستون ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وفد میںخالد مقبول صدیقی ،فاروق ستار، سید امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ،مشیر وزیراعظم رانا ثنابھی شریک رہے۔
ایم کیو ایم وفد نے وفاقی بجٹ پر تجاویز پیش کیں، ملاقات میں سیاسی صورتحال، وفاقی حکومت کے تحت سندھ و کراچی میں عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،شہباز شریف نے کہا ایم کیو ایم وفاقی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے،عوامی فلاح کے ہر اقدام میں ساتھ دیا،متعلقہ حکام ایم کیو ایم کی بجٹ تجاویز پر غور اور قابل عمل و جامع لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کریں۔
اندورنی کہانی کے مطابق ایم کیوایم رہنماوں کی وزیراعظم سے کسی بھی آئینی ترمیم پر بات نہیں ہوئی،ایم کیوایم رہنماوں نے آئندہ بجٹ میں ٹیکس ریلیف ،کراچی پیکیج ، کے فور پرتبادلہ خیال کیا،وزیراعظم نے اگلے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی پیکیج پر غور کی یقین دہانی کرائی
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے منیجنگ ڈائریکٹر بیت المال کیپٹن (ر) شاہین بٹ نے ملاقات کی، ایم ڈی بیت المال نے وزیر اعظم کو ادارے کی کارکردگی پر جائزہ پیش کیا،شہباز شریف نے کہا مستحق ،نادار افراد کو بروقت سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے،بیت المال میں درخواستوں پر عملدرآمد تیز،جمع کرانے کے طریقہ کار کو مزید سہل بنایاجائے۔
سی پیک سماجی و اقتصادی ترقی کےلئے گیم چینجر،اگلے مرحلے کی کامیابی یقینی بنائیں گے،وزیراعظم


















