لاہور:(نمائندہ خصوصی)پولیو کے مکمل خاتمے کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار ، لاہور، راولپنڈی اور جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے مختلف اضلاع سے مارچ میں لیے گئے تمام ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی ،اہم پیش رفت کا انکشاف سول سیکرٹریٹ لاہور میں منعقدہ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، فوکل پرسن عظمیٰ کاردار اور چیف سیکرٹری پنجاب نے شرکت کی، جہاں وائرس کے پھیلاو کو مستقل بنیادوں پر روکنے کےلئے نئی حکمت عملی طے کی گئی۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ کی قیادت میں حکومت صوبے سے پولیو کے جڑ سے خاتمے کےلئے پوری طرح متحرک ہے،13 اپریل سے شروع ہونےوالی قومی مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے، پولیو کےساتھ ساتھ دیگر مہلک امراض سے بچاو کےلئے روٹین امیونائزیشن (حفاظتی ٹیکہ جات) کی کوریج کو مزید موثر اور وسیع بنانے کی ضرورت ہے تاکہ بچوں کا مدافعتی نظام مضبوط بنایا جا سکے۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا پولیو وائرس کے سدباب کے لیے محکمہ صحت اور ضلعی حکام مشترکہ کوششیں جاری رکھیں۔
پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کی کوششیں کامیابی سے ہمکنار



















