پاکستان نے امن کی میز سجادی ،امریکہ، ایران کے درمیان مذاکرات کا آج آغاز

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پاکستان نے امن کی میز سجادی،پوری دنیا کی نظریں اسلام آباد پر،امریکی وایرانی وفود کی آمد،سکیورٹی سخت، ریڈ زون سیل،انتظامات فوج کے سپرد،سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز، جڑواں شہروں میں تعطیل ،سکول و کالجز ،ہیوی ٹریفک کاداخلہ بند،میٹروبس سروس محدود،میٹرک کے پرچے ملتوی،سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت، اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں مقدمات کی سماعت نہیں ہو گی۔

امریکہ،ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے، ایرانی وفد کی قیادت سپیکر باقر قالیباف ،وزیرخارجہ عباس عراقچی،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ٹرمپ کے مشیر سٹیو وٹکوف وداماد جیرڈ کشنر پر مشتمل امریکی وفد مذاکرات میں حصہ لے گا،ضلعی انتظامیہ نے ریڈ زون کی حدود پھیلا کر زیرو پوائنٹ سے لےکر فیصل مسجد تک کے علاقے کو شامل کر لیا ،ریڈ زون کو سیل کرکے سکیورٹی کنٹرول فوج کے سپرد کردیا گیا،رینجرز و پولیس اہلکار بھی پر تعینات ہوں گے۔


جڑواں شہروں میں تعطیل کی وجہ سے سکول و کالجز بند،میٹرک کے پرچے ملتوی کردئیے گئے ،میٹروبس سروس محدود،ہیوی ٹریفک کاداخلہ ممنوع ہوگا،سرکاری دفاتر کے تمام افسر،عملہ شہر سے باہر نہیں جا سکے گا،سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت، اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹس میں مقدمات کی سماعت نہیں ہو گی۔

سکیورٹی حکام کے مطابق تمام اقدامات کا مقصد بین الاقوامی وفود کی حفاظت و مذاکرات کےلئے پرامن ماحول فراہم کرنا ہے، شہری اہم قومی فریضے کی انجام دہی میں انتظامیہ کےساتھ تعاون کریں۔

ادھر وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے اہم ملاقات کی، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال، اسلام آباد میں ہونےوالے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خطے میں امن کے قیام کےلئے پاکستان کے مضبوط سفارتی کردار کو سراہا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا اسلام آباد میں ہونےوالے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی تیاریاں مکمل ہیں،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، سٹیوٹکوف اور کرشنر پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے،تمام غیر ملکی مہمانوں کو ہر لحاظ سے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کےلئے جامع پلان مرتب کر لیا گیا،سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائےگا، نیٹلی بیکر نے پاکستان کی جانب سے امن و امان کےلئے مخلصانہ کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعمیری کردار کی تعریف کی۔

سیاسی وعسکری قیادت نے عزم کا اظہار کیا ہے امن کا موقع ضائع نہیں ہونے دینگے، اسلام آباد مذاکرات کامیاب بنائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں اعلیٰ عسکری و سول قیادت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزرامحسن نقوی،خواجہ آصف ،سیکرٹری خارجہ ودیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکا نے اسلام آباد مذاکرات کو کامیاب بنانے کا عزم کرتے ہوئے کہا جنگ بندی پر پاکستان کے مثبت و تعمیری کردار کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے، امن کا موقع ضائع نہیں ہونے دیا جائےگا،شرکا نے جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کیا۔

قبل ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وزیراعظم ہاوس پہنچے تو شہباز شریف نے استقبال کیا اور2ہفتوں کی جنگ بندی پر مبارکباد دی، وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے کردار کو سراہا ، کابینہ کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا۔

دریں اثناوزیراعظم شہبازشریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی،دونوں رہنماﺅں نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کےلئے ہونےوالی ثالثی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اقدامات کاجائزہ لیا۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا ملاقات کے دوران خطے میں پائیدار امن کے قیام کےلئے پاکستان کی ثالثی کوششوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، دونوں رہنماﺅں نے کشیدگی میں اب تک ہونےوالی کمی پر اظہار اطمینان کیا،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے تمام فریقین پر زور دیا جنگ بندی و امن کو برقرار رکھیں، تمام اطراف کی جانب سے تحمل کے مظاہرے کو سراہتے ہیں،پاکستان فریقین کو حتمی معاہدے تک پہنچنے میں ہر ممکن سہولت، مکمل تعاون فراہم کرتا رہے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عمل میں شامل فریقین کے عزم کو سراہتے ہوئے امن کے حصول کی کوششوں کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،دونوں رہنماﺅں نے پاکستان آنےوالے وفود کو ہر ممکن سہولت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف واعلیٰ عسکری حکام نے مذاکراتی مقام سمیت دیگر جگہوں کا دورہ کرکے انتظامات کاجائزہ لیا، وزیر داخلہ و دیگر متعلقہ حکام بھی ساتھ تھے،شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی مہمانوں کی آمد،انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔