عوام کیساتھ بدسلوکی کے ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے: آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے دیے گئے اصلاحاتی اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سینئر افسران نے آئی جی پنجاب کو مختصر، درمیانی اور طویل مدتی سی ایم ریفارمز میٹرکس پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ تھانوں، فرنٹ ڈیسک، خدمت مراکز اور پولیس ورک پلیسز پر آنے والے شہریوں کی عزت نفس اور احترام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر کالز کرکے پولیس کے رویوں بارے فیڈ بیک لیں اور ضروری کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں بلاجواز تاخیر، ناقص تفتیش اور بدسلوکی کی شکایات پر ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجابعبدالکریم سے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈسپلن، ایڈمنسٹریشن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے اور درپیش مسائل کا بروقت اور موثر حل یقینی بنایا جائیگا۔ علاوہ ازیں راﺅ عبدالکریم نے شہریوں سے براہِ راست رابطے کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے 1787 کمپلینٹ سنٹر پر بذریعہ فون شہریوں سے گفتگو کی اور موصولہ درخواستوں و شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی، تفتیش کے معیار، رویوں اور درخواستوں پر پیش رفت کے حوالے سے دریافت کیا اور متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چکوال کے ایک شہری کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب نے ڈی پی او چکوال کو درخواست دہندہ سے فوری رابطہ کر کے کارروائی کی ہدایت کی۔ فیصل آباد کے ایک شہری کی ناقص تفتیش کی شکایت پر ایس پی اقبال ٹاون ڈویڑن فیصل آباد کو فوری داد رسی کا حکم دیا گیا۔ بہاولپور کی ایک خاتون شہری کی جانب سے اندراجِ مقدمہ میں تاخیر کی درخواست پر ڈی پی او بہاولپور کو خاتون سے فوری رابطہ کر کے ریلیف فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔