اسلام آباد (مشر ق نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تمام رجسٹرڈ دکانوں کو ایک ہفتے کے اندر ایف بی آرکے نظام سے منسلک کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے تحت پوائنٹ آف سیلز مشین سے وابستہ تمام کاروبار ایف بی آر کے ساتھ منسلک کئے جائیں گے، ہوٹل، گیسٹ ہاو¿س، میرج ہالز اور کلبوں پر بھی اس کا اطلاق ہوگا جبکہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ، کورئیر اور کارگو سروسز بھی لازمی منسلک کرنا ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بیوٹی پارلرز، سلمنگ سینٹرزاور بیوٹی کلینکس لازمی ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ کرانا ہوں گے، ہئیر ٹرانسپلانٹ، پرائیویٹ کلینکس، ڈینٹل کلینکس اور پلاسٹک سرجنزکے بزنس بھی منسلک کئے جائیں گے۔ لیبارٹریز، جانوروں کے ڈاکٹرز، ڈائیگناسٹک سینٹرز، ایکسرے سینٹرز ، پرائیویٹ ہسپتال، پرائیویٹ کنسلٹنٹس، ہیلتھ کیئر سروسز، ہیلتھ کلبز،سوئمنگ پولز، فٹنس کلبز اور ملٹی پرپز کلبز کو بھی ٹیکس نظام سے منسلک ہونا پڑیگا۔
ایف بی آر کے مطابق کراچی جمخانہ،رائل پام کنٹری کلب، چناب کلب،اسلام آباد کلب،لاہور جمخانہ کو بھی ٹیکس نظام سے منسلک کیا جائیگا، چارٹرڈ اکاونٹنٹس فرمز،کاسٹ اینڈ مینجمنٹ کی خدمات دینے والوں کو بھی ٹیکس نظام سے منسلک ہونا پڑیگا۔ اسکے علاوہ ماہانہ 1000 روپے فیس والے سکولوں، کالجز اور یونیورسٹیز کو بھی ٹیکس نظام سے منسلک ہونا پڑیگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس کی شق 33 کے تحت ٹیکس نظام سے منسلک ہونا بنیادی شرط ہوگی، ٹیکس نظام سے منسلک کاروبار پوائنٹ آف سیلز مشین لگانے کے پابند ہوں گے۔
ملک بھر میں مختلف کاروباروں کو ایف بی آر نظام سے منسلک کرنا لازم



















