رمضان کاآغاز،سحر وافطار میں گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی،وفاقی وزرا

پشاور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)رمضان کاآغاز،ملک بھر میں نماز تراویح کی ادائیگی،حکومت نے سحر وافطار میں گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

رمضان کا چاند دیکھنے کےلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت ہوا،کمیٹی اراکین ، محکمہ موسمیات، سپارکو، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیرآزاد نے کہا ملک بھر سے چاند نظر آنے کی کئی شہادتیں ملیں، اہل وطن کو ماہ مقدس کی مبارک باد پیش کرتا ہوں، رمضان رحمتوں وبرکتوں کا مہینہ ،زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔

دوسری جانب وفاقی وزرا اویس لغاری،علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سحر وافطار میں گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی،تمام فیڈرزکی مانیٹرنگ کےلئے جدید نظام فعال ، گیس کمپنیوں کی مشاورت سے پلان تیارکر لیا ،سحروافطاری کے اوقات میں گیس فراہمی کی خصوصی نگرانی کی جائےگی، نقصان والے فیڈرز پر بھی سحروافطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، لوڈشیڈنگ ہو تو شہری 118 پر شکایت درج کرائیں۔