اے آئی شعبے میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کردیا،شزا

لاہور:(کامرس رپورٹر)وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے مصنوعی ذہانت پوری دنیا کو بدل رہی، پاکستان بھی عالمی ٹیکنالوجی انقلاب کا حصہ بننے جا رہا ہے، حکومت نے اے آئی شعبے میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کردیا،5برسوں میں 10لاکھ بچوں کو اے آئی کی تربیت دی جائےگی تاکہ نوجوان نسل کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں انڈس اے آئی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، سابق صدر میاں انجم نثار، علی میاں، چیئرمین پاشا سجاد سید سمیت تاجروں، صنعت کاروں اور آئی ٹی ماہرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شزہ فاطمہ نے کہا پاکستان کی کل آبادی کا 60فیصد نوجوان ہیں، جدید علم و مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے ،اے آئی کے نصاب کی تیاری شروع کردی،صنعت ، زراعت، تجارت سمیت اے آئی کے ذریعے ترقی کا انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے، پاکستان اقوام عالم میں اپنا نام پیدا کرے گا۔