ولی ٹیک نے ملتان سلطانز کو2 ارب 45 کروڑ میں خرید لیا،نیا نام راولپنڈی رکھ دیا


لاہور:(سپورٹس رپورٹر)ولی ٹیک نے پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کو2 ارب 45 کروڑ میں خرید لیااورنیا نام راولپنڈی رکھ دیا۔

ایکسپو سنٹر میں ہونےوالی نیلامی تقریب میںچیئرمین پی سی بی محسن نقوی،نجم سیٹھی، قومی ٹیم کے سابق کپتان ظہیر عباس ودیگر نے شرکت کی،ملتان سلطانز کی بیس پرائز 182 کروڑ مقرر کی گئی ،مالکانہ حقوق کےلئے 5 بڈرز میں مقابلہ ہوا،ولی ٹیک نے سب سے زیادہ بولی 245 کروڑ روپے لگاکر میلہ لوٹ لیااورنام بدل کر راولپنڈی رکھ دیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ولی ٹیک کو ملتان سلطانز کی ٹیم خریدنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،مقررہ وقت کے اندر ک6 پیشکش موصول ہوئیں،تفصیلی و شفاف جانچ کے بعد 5 بڈرز کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا۔

نجم سیٹھی نے کہا بہت خوش ہوں،پی ایس ایل کی صورت میں خوابوں کی تعبیر ملی،محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

ٹیم کی فروخت کے عمل نے پی ایس ایل مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ،2 ارب 45 کروڑ روپے کی قیمت نے ملتان سلطانزکوسب سے مہنگی فرنچائز بنا دیا۔