اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے ٹیلی کام سیکٹر پر عوام کےلئے خوشخبریاں ہیں ،حکومت انٹرنیٹ مسائل کے حل کےلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ ہوگی، پاکستان میں آسان اقساط پر 5 جی سمارٹ فون فراہم کیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا انٹرنیٹ کی بندش کو کم سے کم رکھنے کےلئے بھرپور کوشش کی گئی ،وزارت داخلہ کا مکمل تعاون حاصل رہا،پورا پاکستان 274 میگا ہرٹز سپیکٹرم پر چل رہا ہے، وفاقی کابینہ نے 5 جی سپیکٹرم نیلامی کی توثیق کر دی،ملکی ترقی میں انٹرنیٹ کا کلیدی کردار ، پاکستان فری لانسرز کے ذریعے دنیا کی چوتھی بڑی ڈیجیٹل اکانومی بن چکا۔
وفاقی وزیر نے کہا وزیراعظم ،وزارت خزانہ کی حمایت سے تمام اقدامات ممکن ہو رہے ہیں ،5 جی سپیکٹرم کی نیلامی بہتر سے بہتر شرائط پر کرائی جائے گی،نیلامی کےلئے 7 مختلف بینڈز دستیاب ہیں،کابینہ نے ایم وی این او (MVNO) پالیسی کی بھی منظوری دےدی ،ایم وی این او کمپنیاں دیگر ٹیلی کام کمپنیوں کا نیٹ ورک استعمال کر کے سروس فراہم کر سکیں گی،ایم وی این او کے آنے سے مزید برانڈز مارکیٹ میں آئیں گے، مقابلہ بڑھے گا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی،ملک میں ٹیلی کام سیکٹر پر سب سے زیادہ ٹیکس ہے، پاکستان میں فی صارف آمدن سب سے کم اور انٹرنیٹ دنیا سے سستا ہے، روپے کی قدر میں کمی سے ٹیلی کام آپریٹرز کی لائسنس فیس ،خرچ بڑھا۔
5 جی سپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ ہوگی،وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ



















