لاہور (مشرق نیوز) اداکار دانش تیمور کو حال ہی میں ڈرامہ سیریل ’من مست ملنگ‘ میں انکے کردار ’کبیر خان‘ کی وجہ سے شدید عوامی تنقید کا سامنا ہے۔ ’من مست ملنگ‘ کے رومانوی مناظر پر ڈرامے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور صارفین اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ڈرامے کے متعدد رومانوی مناظر میں سحر ہاشمی اور دانش تیمور کو نہایت بولڈ انداز میں دکھایا گیا ہے جس پر شائقین برہم نظر آتے ہیں۔ ڈرامے میں دونوں نے میاں بیوی کا کردار ادا کیا ہے، تاہم ان کے کئی رومانوی مناظر کو معیوب قرار دیا جارہا ہے۔
ان پر فلمائے گئے مناظر میں سے ایک میں دونوں کو ایک دوسرے کے ہاتھ ہتھکڑی سے باندھ کر بستر پر سوتے دکھایا گیا ہے، جب کہ ایک اور منظر میں دانش تیمور کو اہلیہ کے ہاتھ اور پاوں رسی سے باندھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اسی طرح، ڈرامے کے دیگر مناظر میں بھی دانش تیمور اور سحر ہاشمی کو رقص کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس پر ناظرین کی جانب سے ڈرامے پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا۔ تاہمڈرامہ اب بھی ٹی وی پر نشر ہورہا ہے اور تمام تر تنقید کے باوجود اسے مقبولیت حاصل ہورہی ہے، جس کا اندازہ اس کے ویوز سے لگایا جاسکتا ہے۔
اسی دوران دانش تیمور کا ایک اور ڈرامہ ’شیر‘ بھی نشر ہونا شروع ہوچکا ہے، جسے ناظرین کی جانب سے مثبت ردعمل موصول ہورہا ہے۔ رواں ہفتے کے ٹاپ 5 ڈراموں کی فہرست میں دانش تیمور کے دو ڈرامے سرفہرست رہے، پہلے نمبر پر ’شیر‘ رہا، جس کی ابتدائی دو اقساط کو 2 کروڑ 50 لاکھ ویوز ملے، جبکہ دوسرے نمبر پر ’من مست ملنگ‘ آیا، جس کی تین اقساط کو ایک کروڑ 50 لاکھ ویوز حاصل ہوئے۔
دانش تیمور نے انسٹاگرام پر اپنے دونوں ڈراموں کی مقبولیت پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے ریٹنگ چارٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پہلا اور دوسرا، کامیابی کو سپاٹ لائٹ کی ضرورت نہیں، یہ خود بولتی ہے، بلند اور واضح۔
ڈراموں کی مقبولیت پر پوسٹ شیئر کرنے پر دانش تیمور کو تنقید کا سامنا
















