دوسری شادی کیلئے بیٹی نے بے حد حوصلہ افزائی کی: دانیہ انور
لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی اداکارہ دانیہ انور کا کہنا ہے کہ انکا دوسری شادی کا ارادہ نہیں تھا تاہم اچھا شخص ملا تو شادی کا فیصلہ کرلیا۔ دانیہ انور حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی پہلی شادی، طلاق، اور دوسری شادی کے بارے میں کھل کر بات کی۔ دانیہ انور نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی 19 سال کی عمر میں ہوئی تھی اور یہ شادی 6 سال تک چلی تاہم ان کے پہلے شوہر نشے کے عادی تھے اور انکے رویے دن بدن خراب ہوتے گئے۔ وہ نہ صرف تشدد کرتے بلکہ ان کی تضحیک بھی کرتے تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اس رشتے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ دانیہ کا کہنا تھا کہ طلاق کے بعد انہوں نے کچھ عرصے کیلئے دوبارہ شادی نہ کرنے کا سوچا تھا، لیکن جلد ہی ان کی زندگی میں ایک اچھا شخص آیا، جن سے ان کا دو سال تک تعلق رہا۔ اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انکی بیٹی نے دوسری شادی کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اداکارہ کے مطابق انہوں نے دوسری شادی نہ صرف اپنی خوشی بلکہ بچوں کی بھلائی کیلئے بھی کی۔ اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ ان کی عمر اب 37 سال ہے، اور وہ اپنی زندگی میں سکون اور خوشی محسوس کرتی ہیں کیونکہ انکی ساس اور سسر بھی بہت اچھے ہیں جو انکی بہت رہنمائی بھی کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ دن قبل ایک پروگرام میں دانیہ انور نے انکشاف کیا تھا کہ وہ مشہور فلمی اداکار ندیم بیگ کی بہو اور فرحان بیگ کی اہلیہ ہیں۔
















