لاہور (مشرق نیوز) سینئر اداکارہ ثمینہ احمد نے ’انکشاف‘ کیا ہے کہ ان کی جانب سے زائد العمری میں شادی کرنے کے فیصلے پر ان کے بچے بھی حیران ہوگئے تھے اور انہوں نے کہنا شروع کیا کہ ’اماں کو کیا ہوگیا‘۔
ثمینہ احمد نے حال ہی میں ملیحہ رحمن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی شادی کی کہانی دوبارہ بتائی اور یہ بھی بتایا کہ شادی کے بعد کس قدر ان کی زندگی تبدیل ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ شادی سے ان کی زندگی کی تنہائی ختم ہوگئی، ان کے بچے بیرون ملک مقیم تھے، اب انہیں ساتھی مل چکا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب انہیں اپنے اکیلے گھر میں جاتے وقت احساس ہوتا ہے کہ کوئی ان کے منتظر ہیں اور وہ ان سے جاکر باتیں کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد نہ صرف ان کی بلکہ منظر صہبائی کی زندگی میں بھی تبدیلی آئی، ہم دونوں ایک دوسرے کا سہارا بنے، تنہائی ختم ہوئی۔ ثمینہ احمد نے بچوں کے بیرون ملک مقیم ہونے پر کہا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں، بچوں کی اپنی زندگی ہے، ان کیلئے پوری دنیا ہی ان کا گھر ہے، وہ جہاں چاہیں زندگی گزار سکتے ہیں۔
اماں کو کیا ہوگیا‘ بچے شادی کے فیصلے پر حیران ہوگئے تھے: سینئر اداکارہ ثمینہ احمد
















