اسلام آباد: (رپورٹ: عارف ملک )پاکستان یوتھ لیگ واہ کینٹ کے زیر اہتمام ادارہ فروغ ِقومی زبان اسلام آباد کے تعاون سے ادارے میں یوتھ لیگ کی بانی چیئرمین ممتاز براڈ کاسٹر،صحافی،افسانہ نگار،شاعرہ،کالم نگار اور سماجی رہنما ثریا شہاب کی پانچویں برسی کے موقع پر ان کی یاد میں سیمینار بعنوان ”قومی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار “کا انعقاد ہوا۔
صدارت ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹرجنرل پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہرنے کی۔ مہمانان خصوصی ممتاز سینئر صحافی حافظ طاہر خلیل اور قومی اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹی کی سیکرٹری، استاد، شاعرہ رباب تبسم تھے۔ ڈاکٹر سلیم مظہر نے اس موقع پر کہا کہ قومی تعمیر و ترقی کے ہر شعبے میں خواتین نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہمارے مذہب اسلام نے بھی خواتین کو معاشرے میں بلند مقام عطا کیا ہے اور حقوق خواتین کے تحفظ پر بھی خصوصی زور دیا ہے۔
اس موقع پاکستان یوتھ لیگ کے چیئرمین عابد حسین، چیف آرگنائزر عفت روف، منیر احمد، محبوب ظفر، میاں زاہد سلطان، صدف عاصم، صدف رضا، صدف بشیر اور دیگر نے خواتین کے قومی تعمیر و ترقی میں کردار اورخاص کر ثریا شہاب کی علمی، ادبی وفنی صلاحیتوں انکے لب و لہجے ،تلفظ، لسانی مہارت اوراسلوب تحریر کو سراہتے ہوئے ان کی یادوں کو تازہ کیا۔ تلاوت کلام پاک حافظ علی رضا نے کی۔نعت رسول ص کی سعادت عائشہ شاہ نے حاصل کی۔ صاحب صدر نے سیمینار کو ”پاکستان یوتھ لیگ“ کیلئے قابل تحسین کاوش قرار دیا اور اس امر کی تاکید کی کہ مجموعی قومی ترقی کے ہر پہلو پر خواتین کے بھر پور کردار کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرنے کیلئے مختلف مواقع پر ایسی تقریبات کا انعقاد تواتر سے کیا جائے تاکہ معاشرے میں خواتین کے کردار کو بھر پور پذیرائی حاصل ہو اور وہ متعلقہ شعبوں میں مکمل حوصلہ افزائی کے ماحول میں مزید محنت و کاوش سے کام کر سکیں۔تقریب میں تجمل شاہ، سلیم اختر، تمکنت روف، نور فاطمہ، عبدالرازق اور دیگر نے شرکت کی۔ آخر میں شرکا میں یادگاری شیلڈ اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
ادارہ فروغ ادب کے تعاون سے ممتاز براڈ کاسٹر ثریا شہاب کی پانچویں برسی پر تقریب
















