ممبئی (مشرق نیوز) بھارت میں انتخابات کے دوران ڈیپ فیک ویڈیوز نے بھی انٹری ماردی، بالی وڈ اداکار عامر خان کے بعد رنویر سنگھ بھی آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے ذریعے بنائی گئی جعلی ویڈیوز کا نشانہ بن گئے۔بھارت کے انتخابات میں ووٹروں کو متاثر کرنے کیلئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے جعلی ویڈیوز بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر عامر خان اور رنویر سنگھ کی جعلی ویڈیوز میں ووٹروں کو کہا گیا کہ وہ مودی کو ووٹ نہ دیں، ویڈیوز میں اداکاروں کو موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا تھا۔بعد ازاں ویڈیوز سوشل میڈیا سے ہٹادی گئی ہیں۔دوسری جانب عامر خان اور رنویرسنگھ نے ویڈیوز کو جعلی قرار دیتے ہوئے ایف آئی آر درج کرادی ہیں۔رنویر سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ مداح اس قسم کی ڈیپ فیک ویڈیوز سے بچیں۔اس سے قبل بھارتی انتخابات میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ہی مشہور اور معروف آنجہانی سیاست دان اپنی جماعتوں کی حمایت میں سامنے آگئے تھے۔
مودی کو ووٹ نہ دو، عامر خان اور رنویر سنگھ بھی ڈیپ فیک ویڈیو کا نشانہ بن گئے
















