اسلام آباد (بیورورپورٹ) آئندہ مالی سال 2023-24کیلئے 14ہزار 480ارب روپے کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں فنانس بل 2023 کی کثرت رائے سے منظوری دی گئی،فنانس بل کو شق وار منظور کیا گیا،ٹیکس وصولیوں کا ہدف 9ہزار 200سے بڑھا کر 9ہزار 415ارب مقرر کر دیا گیا جبکہ پنشن ادائیگی 761ارب سے بڑھا کر 801ارب روپے کر دی گئی، فنانس بل میں مزید ترمیم کے تحت 215ارب کے نئے ٹیکس عائد کئے گئے۔
قومی اسمبلی میں فنانس بل کی منظوری کےلئے سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت اجلاس ہوا ،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بل کی تمام شقوں کو ایوان میں منظوری کےلئے پیش کیا ،مولانا عبدالاکبر چترالی، سائرہ بانو، نثار چیمہ، زہرہ ودود فاطمی، نواب شیر وسیر، آسیہ عظیم و دیگر مختلف شقوں پر ترامیم پیش کیں جن کو ایوان نے کثرت رائے سے مسترد کر دیا جبکہ مولانا عبدالاکبر چترالی کی ایک ترمیم ایوان نے بل میں شامل کرنے کی منظوری دیدی،بل میں ایم کیو ایم رکن صلاح الدین کی ترمیم کو بھی ایوان نے مسترد کر دیا، فنانس بل میں کل 9 ترامیم کی گئیں، 8 ترامیم حکومت، ایک اپوزیشن کی جانب سے شامل کی گئی۔
ٹیکس وصولیوں کا ہدف 9 ہزار 200 سے بڑھا کر 9 ہزار 415 ارب مقرر کردیا گیا، پنشن ادائیگی 761 ارب سے بڑھا کر 801 ارب کر دی گئی، علاوہ ازیں این ایف سی کے تحت صوبوں کو 5 ہزار 276 ارب کی بجائے 5 ہزار 390 ارب ملیں گے۔
جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو اسلامی پیمانے پر جانچنے کے لیے بھیجنے کا مطالبہ کیا تاہم عبدالاکبر چترالی کے سوا تمام حکومتی و اپوزیشن اراکین قومی اسمبلی نے فنانس بل میں سود شامل ہونے کی وجہ سے اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے لینے کی مخالفت کر دی،دریں اثنا مولانا عبد الاکبر چترالی کی جانب سے پیش کی گئی ترمیم منظور کر لی گئی جس کے تحت چیئرمین قائمہ کمیٹی کو 1200 سی سی گاڑی استعمال کرنے کا اختیار ہوگا۔
وزیر خزانہ نے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی آرڈیننس میں ترمیم کثرت رائے سے منظور کرلی،ترمیم کے تحت پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی حد 50 روپے لٹر سے بڑھا کر 60 روپے لٹر کردی گئی، وفاقی حکومت کو 60 روپے فی لیٹر تک لیوی عائد کرنے کا اختیار ہوگا،وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے فنانس بل کی شق 3 میں ترمیم پیش کی جوقومی اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کر لی،ترمیم کے مطابق 3200 ارب کے زیر التوا 62 ہزار کیسز سمیت تنازعات کے حل کےلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، کمیٹی کے فیصلے کے خلاف ایف بی آر اپیل دائر نہیں کرسکے گا، متاثرہ فریق کو عدالت سے رجوع کرنے کا اختیار ہوگا۔
پرانی ٹیکنالوجی کے حامل پنکھوں اور بلبوں پر اضافی ٹیکسوں کی ترمیم بھی منظور کر لی گئی،پرانی ٹیکنالوجی کے حامل پنکھوں پر یکم جنوری سے 2 ہزار روپے ٹیکس ہوگا جبکہ پرانے بلبوں پر یکم جنوری سے 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا،فنانس بل میں مزید ترامیم کے تحت 215 ارب کے نئے ٹیکس عائد کئے گئے ۔
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2023-24 کے وفاقی بجٹ میں 2000 سی سی سے زائد کی گاڑیوں رجسٹریشن پر ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کر دیا ،2لاکھ روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والوں کےلئے بھی ٹیکس کی شرح بڑھا دی ۔
اربوں کے نئے ٹیکس نافذ،قومی اسمبلی میں بجٹ کثرت رائے سے منظور

















