پاکستان ریلویز این سی اے کا ڈیڑھ کروڑ کا نادہندہ ،ملازمین اور صحافیوں کی نجی ٹرین میں رعائتی ٹکٹ بند
لاہور(قمر عباس نقوی )پاکستان ریلویز این سی اے کا رعائتی سفری ٹکٹ کی مد میں ایک کروڑ 50لاکھ کا نادہندہ ملازمین اور صحافتی برادری کو نجی ٹرین میں ٹکٹ پر رعائت بند کر دی گئی۔ٹرین ٹھیکیدار کا کسی قسم کے سرکاری پاس اور کارڈز پر بکنگ کرنے سے انکار، ریلویز انتظامیہ کا لاعلم۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے انتظامیہ کی جانب سے ریلویز ملازمین اور انکی فیملیز اور صحافی برادری کو مسافر ٹرینوں پر سفری ٹکٹ پر رعائت دی جارہی ہے تاکہ ملازمین اور صحافتی برادری کو سستی سفری سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکا۔ ریلویز کی جانب سے متعدد مسافر ٹرینوں کو ٹھیکیداری نظام کے تحت چلانے کے بعد اس رعائت میں مسائل دیکھنے میں آرہے ہیں، متعدد مرتبہ مختلف مسافر ٹرینوں میں ریلوے ملازمین اور ٹھیکیدار کے ملازمین کے درمیان نا خوشگوار واقعات پیش آئے اور صحافی برادری کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس پر سی ای او ریلویز کی جانب سے ٹھیکیداروں کی ریلویز کی جانب سے دی جانے والی سفری رعائت کو جاری رکھنے کی خاطر تحریری طور پر ہدایات جاری کی گئیں جس پر عملدرآمد کروانے میں انتظامیہ کو مسائل کا سامنا رہا بعد میں ٹھیکداروں کی جانب سے رعائتی ٹکٹس کے اجراءکا سلسلہ شروع ہوا۔ اس کے بعد چند روز قبل این سی اے کی جانب سے ایک بار پھر اس رعائت کو روک دیا گیا۔ این سی اے کے ذمہ دار کی جانب سے بتایا گیا کہ ریلویز ملازمین اور صحا فتی کارڈز پر دی جانے والی رعائت کی مد میں ریلویز این سی اے کے ایک کروڑ 50لاکھ روپے کے ڈیفالٹر ہیں جس کی وجہ سے مزید رعائتی ٹکٹ جاری نہیں کی جا سکتی۔ اس بنیاد پر ٹھیکیدار کی طرف سے ریلویز ملازمین اور صحافتی برادری کی رعائتی ٹکٹ کی بکنگ مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ ریلویز ترجمان بابررضا کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کو مجھے تحریری طور پر میسج بنا کر بھیجیں اسکو دیکھ لیتا ہوں۔
















