عید کا مقصد دوسروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہے:ڈاکٹر جاوید اکرم/ اظفر علی ناصر

لاہور (ہیلتھ رپورٹر+ اپنے نمائندے سے) ان وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم اور وزیر ہاوسنگ و اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کا جناح ہسپتال اور کیمپ جیل کا دورہ، مریضوں اور قیدیوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔ صوبائی وزرائنے جناح ہسپتال میں ایمرجنسی وارڈ اور بچہ وارڈ میں مریضوں کی عیادت کی اور عید کے تحائف تقسیم کئے۔ ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر امجد محمود اور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرندیم حفیظ بٹ نے صوبائی وزراءکو بریفنگ دی۔ وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ دعا کرتے ہیں یہ عید پورے ملک کیلئے برکتوں کا باعث بنے۔ عید کا مقصد مستحق اور ضرورت مند افراد کو خوشیوں میں شامل کرنا ہے۔ کوشش کی مریضوں کو اچھا ماحول فراہم کریں تاکہ وہ اپنی بیماری سے لڑ سکیں۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو عید کے دنوں میں بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ کا ہر وزیر عوام کی خدمت کیلئے سرگرم ہے۔ جناح ہسپتال میں صحت کے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے جنہیں اپنے دور میں مکمل کرنے کی کوسش کریں گے۔ وزیر ہاسنگ اظفر علی ناصر نے کہا کہ جناح ہسپتال میں ایمبولینس کیلئے انڈرپاس بنانے کیلئے محکمہ ہاسنگ تعاون کرے گا۔ جناح ہسپتال کے واسا سے متعلق مسائل حل کروائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نگران سیٹ اپ کا کام الیکشن کروانا ہے۔ ہم عزت سے آئے تھے اور عزت سے جانا چاہتے ہیں، الزام تراشی جو چاہے کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کے تابع ہیں، جو تاریخ دی ہے اسکے مطابق الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ ماضی میں نگران حکومت کی مدت میں اضافے کی مثالیں موجود ہیں۔ قبل ازیں صوبائی وزراءنے سنٹرل جیل کا دورہ کیا جہاں پولیس کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔صوبائی وزراءنے قیدیوں سے ملاقات میں انکے مسائل سنے، مٹھائی اور عیدی تقسیم کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر ہاسنگ اظفر علی ناصر نے کہا کہ ہمارا مقصد قیدیوں کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹنا ہے۔ جیل انتظامیہ کو زیر سماعت اور اپیل کے کیسز کے قیدیوں کی فہرست تیار کرکے مہیا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ زیر التواءکیسز کے قیدیوں کا معاملہ کابینہ میں اٹھایا جائے گا اور حکومت ان مقدمات کی پیروی کرے گی۔ اگر کسی قیدی کو سزا کی معافی ملی ہے تو اس پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔ صوبائی وزراءنے قیدیوں کو ملنے والی سہولیات کا جائزہ لیا، کھانے کا معیار چیک کیا اور جیل میں قائم ہسپتال میں قیدیوں کی عیادت کی۔ وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے بیمار قیدیوں کو اعلاج معالجے کی مناسب سہولیات دینے کی ہدایت کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ جیل میں قائم ہسپتال کا انتظام اچھا ہے۔ ڈائلیسز مشنری موجود ہے، ایک ہفتے میں قیدیوں کو ڈائلیسز کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں 30 فیصد لوگ ہیپاٹائٹس بی اور سی میں مبتلا ہیں۔ جیل انتظامیہ کو متعدی بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے کیلئے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔