سلمان خان کو پھر قتل کی دھمکی، راکھی ساونت کو وارننگ مل گئی

ممبئی(مشرق نیوز) بالی ووڈ کے بھائی جان سلمان خان کو قتل کی پھر دھمکی اور راکھی ساونت کو معاملے سے دور رہنے کی وارننگ مل گئی۔سلمان خان کافی عرصے سے لارنس بشنوئی کے ریڈار پر ہیں، انہیں چند ماہ سے متعدد بار جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی ہیں۔انڈسٹری کے لیجنڈ اسٹار اداکار ان دنوں اپنی فلم ’کسی کا بھائی، کسی کی جان‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں، جو 21 اپریل کو ریلیز کی جارہی ہے۔مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی ریلیز سے 2 دن قبل سلمان خان کو ایک بار پھر قتل کی دھمکی بذریعہ ای میل موصول ہوئی ہے۔لارنس بشنوئی گروپ نے بات یہاں پر ختم نہیں کی بلکہ راکھی ساونت کو بھی معاملے سے دور رہنے کی وارننگ دی ہے۔قریب ایک ماہ پہلے راکھی ساونت نے سلمان خان کی حمایت میں سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی تھی۔اس ویڈیو میں راکھی ساونت نے بشنوئی گینگ سے سلمان خان کی طرف سے معافی مانگی اور کہا کہ میرے بھائی پر بری نظر مت رکھو۔