ملک میں معاشی ترقی کےلئے سیاسی استحکام انتہائی ناگزیر ہے : عرفان اقبال شیخ

لاہور (کامرس رپورٹر) ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کےلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے کیونکہ سیاسی عدم استحکام کا خاتمہ کئے بغیر ملک میں معاشی ترقی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیاف آفس لاہور میں پاکستان اکنامک رپورٹرز ایسوسی ایشن کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ملک میں معیشت کی بہتری کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے اور اب سیاسی جماعتوں کو سیاست کی بجائے صرف معیشت پر توجہ دینا ہو گی ۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک ،بھارت سری لنکا اور بنگلہ دیش ہم سے بہت آگے نکل گئے ہیں۔ ہمارے ہاں بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات اور بینکوں کی ہوشربا شرح سود نے صنعتکار کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔آئی ایم ایف سے چھٹکارے کیلئے ہم سب کو ایک صفحے پر آنا ہوگا۔ پیاف کے چیئرمین فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ میڈیا کی موجودہ دور میں جتنی اہمیت بڑھ گئی ہے اسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور معاشی استحکام اور بہتری کےلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر پانچ تعطیلات پر حکومت کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے اور تین تعطیلات عید الفطر پر کافی ہیں جس سے حکومت کو 5 ارب روپے کی بچت ہوگی ۔ ایف بی آر میں اصلاحات ضروری ہیں، اس سے ٹیکس دینے اور لینے والے میں اعتماد کا رشتہ مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سے مہنگائی کا سیلاب آئیگا جو غریبوں کو بہا کر لے جا ئیگا۔ تقریب سے سابق صدر ایف پی سی سی آئی میاں انجم نثار، میاں محمد علی اور میاں ابوذر شاد نے بھی خطاب کیا۔