بجلی پر 3.23 روپے یونٹ مستقل سرچارج عائد، ایل پی جی 45 روپے کلو سستی
اسلام آباد(بیورورپورٹ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرادیا،نیپرا نے حکومتی درخواست پر بجلی صارفین پر 335 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی منظوری دے دی اور اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا،نیپرا نے بجلی صارفین پر 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ مستقل سرچارج عائد کرنے کی منظوری دی ہے جس کی وصولی آئندہ مالی سال سے کی جائے گی،بجلی پر اضافی سرچارج کا اطلاق گھریلو، صنعتی، کمرشل اور زرعی صارفین پر ہوگا جبکہ اضافی سرچارج کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا،حکومت اس سال جون تک 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافی سرچارج وصول کرے گی جبکہ آئندہ مالی سال سے 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ سرچارج وصول کیا جائےگا،دوسری جانب مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے، اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت 45 روپے فی کلو کم کردی،اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے ایل پی جی (لکویفائیڈ پیٹرولیم گیس) کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی جس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا،اوگرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کا 11.7 کلو گرام کا گھریلو سلنڈر 575 روپے 54 پیسے سستا کردیا گیا جس کے بعد فی کلو ایل پی جی 48 روپے 80 پیسے سستی ہوگئی اور ماہ اپریل کے لیے اایل پی جی کی فی کلو قیمت 229 روپے مقرر کردی گئی ہے،نوٹی فکیشن کے مطابق کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 2214 روپے کی کمی کردی گئی ہے، کمرشل سلنڈر کی قیمت 10397 روپے فی سلنڈر مقرر کی گئی ہے،نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12بجے سے آئندہ ماہ کے لیے ہوگیا۔

















