پاسکو وفاقی ادارہ ہے جو کوالٹی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا: ترجمان

لاہور (کامرس رپورٹر)ترجمان پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ نے کہا ہے کہ پاسکو ایک باوقار اور باہمی اعتماد کا ایک ادارہ ہے جو کہ پچھلے 49 سال سے ملک کی مختلف ایجنسیوں و صوبوں آزاد کشمیر، گلگت، پاسکو آرمی، ائرفورس، یوٹیلیٹی سٹورز، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور ورلڈ فوڈ پروگرام کو گندم کی تسلی بخش ترسیل جاری رکھے ہوئے ہے۔ 2022-23ءمیں پاسکو نے انہی ایجنسیوں کو تقریباً 34 لاکھ میٹرک ٹن ملکی اور غیرملکی گندم فراہم کی اور کسی بھی ایجنسی سے کوالٹی کی بابت کوئی بھی شکایت موصول نہیں ہوئی جبکہ پاسکو نے پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو کراچی پورٹ سے پچھلے 3 ماہ میں 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم اپنے باردانہ تقریباً ایک کروڑ پی پی بیگ میں فراہم کی اور کسی بھی قسم کی کوئی شکایت کوالٹی کے بابت وصول نہیں ہوئی۔ پاسکو ایک وفاقی ادارہ ہے جو کوالٹی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ مزید برآں گندم وصول کرنے والی ایجنسی کو وزن اور کوالٹی چیک کرانے کے بعد پاسکو کی ذمہ داری ختم ہوجاتی ہے اور وصول کنندہ ایجنسی کی ذمہ داری شروع ہوجاتی ہے۔ دو دن قبل سوشل میڈیا پر کچھ خبریں گردش کررہی ہیں کہ پاسکو باردانہ میں غیرمعیاری گندم پنجاب فوڈ کو دی گئی ہے جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔ پاسکو کا کسی بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنیوالی اس قسم کی خبروں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میڈیا ٹرائل کا مقصد مخصوص عزائم نظر آتے ہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی افواہیں پھیلانے والے ذمہ داران کو تلاش کیا جائے تاکہ انکے خلاف تادیبی کارروائی کی جاسکے اور پاسکو ہر قسم کے تعاون کےلئے تیار ہے۔ مزید برآں پاسکو پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کو کھلی پیشکش کرتی ہے کہ وہ پنجاب میں کسی بھی جگہ ہمارے کسی بھی سینٹر پر اپنی تسلی کےلئے کوالٹی چیک کرسکتے ہیں۔ پاسکو پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ سے التماس کرتا ہے کہ وہ ایسی افواہوں سے اجتناب کریں جس سے پاسکو کی ساکھ متاثر ہو۔