ڈالرکی پھراُونچی پرواز‘176روپے پرپہنچ گیا

کراچی:(لیڈر نیوز)انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 81 پیسے کا اضافہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر ایک بار پھر مہنگا ہوگیا، 81 پیسے اضافے سے 176 روپے پر فروخت ہوا۔ یاد رہے کہ 26 اکتوبر کو ڈالر 175.27 روپے پر بند ہوا تھا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر ڈیڑھ روپے مہنگا ہوگیا جس کے بعد اس کی قیمت 178 روپے ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے پاکستان پر واجب الادا بیرونی قرضوں کی مالیت میں بھی اضافہ ہوا ہے جو کہ پہلے سے ہی خستہ حال ملکی معیشت پر ناقابل برداشت بوجھ ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے اندرونی اور بیرونی قرضوں کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ سینیٹ میں پیش کر دی گئی، جس کے مطابق جون 2018 میں ملک کا اندرونی قرضہ 16.4 ٹریلین تھا، اگست 2021 تک اندرونی قرضے 26 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر گئے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران بیرونی قرضوں میں 6 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جون 2018 میں بیرونی قرضہ 8 ہزار ارب روپے تھا جبکہ ملک کا کل قرضہ 25 ہزار ارب روپے تھا۔ اگست 2021 تک بیرونی قرضے 14 ہزار ارب سے تجاوز کر چکے تھے۔


#Pakistan #dollar rose again on the interbank market