امریکی گلوکارہ برٹنی سپیئرز والد کے خلاف عدالتی جنگ ہار گئیں

لاس اینجلس:لاس اینجلس کی سپیریئر کورٹ کے جج نے گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کے وکیل سموئیل ڈی انگھم III کی جانب سےگلوکارہ کے والد جیمی اسپیئرز کو ان کی بیٹی کی شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزول کرنے کی درخواست کو مسترد کردیا۔غیرملکی جریدے کے مطابق عدالتی دستاویزات میں لکھا گیا ہے کہ کیلیفورنیا کی بسمر ٹرسٹ کمپنی کو کنزرویٹر کی حیثیت سے تقرری کے بعد جیمی اسپیئرز کو فوری طور پر شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزول کرنے کی درخواست کو مسترد کردیاگیا ہے۔خیال رہے کہ گلوکارہ کے والدجیمی کو 2008 میں برٹنی اسٹیٹ کا کنزرویٹر نامزد کیا گیا تھا ، جب گلوکارہ کو ایک بہت سخت عوامی مخالفت کا سامنا تھا۔دی ویلتھ فرم بسمر ٹرسٹ کمپنی نے پچھلے سال اسٹیٹ کے شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے جیمی کے ساتھ شراکت داری کی تھی۔یہ عدالتی فیصلہ 23 جون کو عدالت میں ہونے والی و رچوئل سماعت کے بعد سنایا گیا ، اس سماعت کے دوران ، 39 سالہ گلوکارہ نے اپنے والد پر سخت تنقید کی اور الزام لگایا کہ انہیں اپنی بیٹی کو تکلیف پہنچانا اور کنٹرول کرنا اچھا لگتا ہے۔اس سماعت کے بعد جیمی کے وکیل نے ایک بیان جاری کیا جس میں لکھا گیا تھا کہ مسٹر اسپیئرز اپنی بیٹی کو دکھ اور بہت تکلیف میں دیکھ کر افسردہ ہیں، مسٹر اسپیئرز اپنی بیٹی سے پیار کرتے ہیں اور انہیں بہت یاد کرتے ہیں۔دو روز قبل برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی سپیئرز نےاسی حوالے سے ایک درخواست بھی دائر کی ہے ، جس میں انہوں نے بیٹی کی جانب سے ان پر لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔درخواست میں جیمی نے یہ بھی درج کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ دو سالوں سے اپنی بیٹی کے ذاتی یا طبی امورمیں مداخلت نہیں کی ہے۔


#Britney Spears #court battle #American singer #Los Angeles Superior Court judge #California's Bismarck Trust Company