بجلی قیمتوں کا بوجھ عوام پر نہیں پڑنے دیا، فیول سبسڈی جاری رہے گی، وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف نہ دینے والے پمپس کےخلاف کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہاہے بجلی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا، فیول سبسڈی جاری رہے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاپاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام ،کشیدگی میں کمی کےلئے مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا، تہران میں ایرانی قیادت کےساتھ پاکستان، سعودی عرب ،ترکیہ کا اجلاس بھی ہوا، تہران میں ہونےوالی بات چیت انتہائی خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی،دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، خطے میں بدامنی کی بڑی وجہ تیل قیمتوں میں اضافہ ہے، حکومت نے توانائی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام آدمی پر نہیں پڑنے دیا۔

شہبازشریف نے کہاعوامی ریلیف کےلئے فیول سبسڈی سکیم شروع کی گئی، ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد براہ راست استفادہ کر چکے ،سکیم کےلئے 28 ارب جاری کیے ،پروگرام دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا، پٹرول قیمت میں 15 روپے لٹر اضافے کا بوجھ بھی عوام پر نہیں ڈالا گیا،فیول سبسڈی سکیم میں تعاون نہ کرنےوالے پٹرول پمپوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی،کچھ پٹرول پمپس سے عوام کو ریلیف نہ دینے کی شکایات ملیں، وفاقی وزیرکارروائی کریں تاکہ چھٹی کا دودھ یاد آجائے،ایل این جی مافیا کا دور ختم اب مسابقت ،شفافیت کے ساتھ امور انجام دئیے جا رہے ہیں، پی ایس او ،پارکو جیسے سرکاری اداروں کے ذریعے معاملات چلائے جا رہے ہیں، ایل پی جی کےلئے بھی نظام ترتیب دےدیا۔

وزیراعظم نے کہا سردیوں کی آمد کے پیش نظر ایل این جی، ایل پی جی ،تیل کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے اقدامات جاری ہیں تاکہ موسم سرما میں عوام کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں،خیبرپختونخوا کےلئے 160ارب کا ترقیاتی پیکیج دیا ،دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں سکیورٹی اداروں کےساتھ مل کر بھرپور اقدامات کریں گی،صوبے میں امن کی بحالی ترجیح ہے،خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے دہشتگردی کےخلاف بے شمار قربانیاں دیں، 2018 میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، بدقسمتی سے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان نے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ،پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پوری ٹیم کو جاتا ہے