مذاکرات کا مذاق اڑانے والوں پر بھروسہ نہیں، وزیراعظم خود دعوت دیں، اپوزیشن


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود اچکزئی نے کہا ہے حکومت مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہے تو وزیراعظم خود دعوت دیں ورنہ بات چیت کا مذاق اڑانے والوں پر بھروسہ نہیں کرسکتے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہاسپیکر کا اختیار قوانین کی کتاب کے مطابق ہونا چاہیے، فرانس میں لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکلے، سینکڑوں گاڑیاں نذرآتش، ایف ٹاور کو نذر آتش کیا گیا مگر مظاہرین پر گولیاں نہیں چلائی گئیں،مذاکرات کا مذاق اڑانے والوں پر اب کون بھروسہ کرے گا،مذاق اڑانے کے انداز میں مذاکرات نہیں ہوں گے،موجودہ حکومت میں کرپشن الزامات کی تحقیقات کےلئے خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے،پاکستان میں طاقتور پارلیمنٹ اور اداروں کو اپنے دائرہ کار میں ہونا چاہیے،کچھ بھی ہوجائے پاکستان کو غیر جمہوری نظام کے حوالے نہیں کریں گے۔

سینٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ملک میں ترقی کےلئے قانون کی حکمرانی و عدل و انصاف ضروری ہے، آئین و قانون کی حکمرانی کے بغیر سیاسی بحران کا حل ممکن نہیں،عوام کا نظام پر اعتماد بحال کرنے کےلئے عدل و انصاف ضروری ہے،8 فروری 2026 کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا،عوام کے ووٹ پر ڈاکہ آئین ،قانون پر حملے کے مترادف ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا اسمبلی کے 3سال گزرنے کو ہیں ریاست سے وفاداری کا فارمولہ ابھی تک سمجھ نہیں آیا، ہمیشہ کہا سب سے پہلے پاکستان اور سب سے پہلے ریاست ہے،مذاکرات کرتے کرتے حکومت چلی گئی،تختیاں توڑ کر عوام کے دل توڑے اور نفرت بھڑکائی جا رہی ہے، پاکستان ،ریاست کے وفادار اور ہمیشہ رہیں گے ،جمہوریت کیلئے لڑتے رہیں گے،سیاسی انتقام نہیں،دہشتگردی کےخلاف کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔