مکہ معاہدہ تعلقات میں نئے باب کا آغاز ،پاکستان سعودی عرب کےساتھ کھڑا ہے،مریم نواز


لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازسے سعودی عرب کے نئے تعینات سفیر ڈاکٹر راجح البقمی (H.E. Dr. Rajeh Albugamy) نے ملاقات کی،مریم نواز نے نو تعینات سعودی سفیر ڈاکٹر راجح البقمی کا پرتپاک خیرمقدم کیا ،سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی،ڈاکٹر راجح البقمی کی سفارتی خدمات کو سراہا ،ملکی اقتصادی ،مالی معاونت پر سعودی قیادت سے اظہارتشکرکیا، ملاقات میں مکہ دفاعی معاہدہ باہمی تعلقات میں نئے باب کا آغاز قراردیاگیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے مملکت سعودی عرب پرحوثی حملوں کی شدید مذمت کی ،انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا، ملاقات میں لائیو سٹاک، بیف، پولٹری، پھلوں ،سبزیوں کی برآمدات بڑھانے کےلئے پنجاب کے وسائل ،صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا،مریم نواز نے پاک سعودی تعلقات کے فروغ ،استحکام کیلئے سابق سعودی سفیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،سعودی شہریوں کو پنجاب میں شاندارسیاحتی مراکز کے دوروں کی دعوت دی، خادمِ حرمین شریفین ،ولی عہد کےلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا، ملاقات میں پنجاب سے لائیو سٹاک، بیف، پولٹری، آم، کینو، آلو اورشریمپ ایکسپورٹ میں 500 بلین روپے سے زیادہ کا ہدف مقرر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز نے کہا خادمین حرمین شریفین سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں منفرد و محترم مقام رکھتا ،سعودی قیادت،نواز شریف کے درمیان دہائیوں پر محیط باہمی تعلق اعتماد کی روشن مثال ،سعودی عرب تقریباً 9.8 ارب ڈالر کیساتھ پاکستان کو ترسیلات زر بھیجنے والا سب سے بڑا ملک ہے، مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ کو نشانہ بنانے کی کوشش سمیت سعودی شہروں ،شہری انفرسٹرکچر پر حملے قابل مذمت ، اگست 2026 کا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خود مختاری ، سلامتی کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان اپنے لوگوں، شہروں ،اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کےلئے سعودی عرب کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتا، پاکستان ،پنجاب کے عوام مملکت سعودی عرب کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہےں، مشترکہ اقتصادی طاقت مشترکہ سلامتی کی یقینی ضامن ہے، پنجاب مملکت سعودی عرب کو قابل اعتماد، حلال سے تصدیق شدہ خوراک فراہم کرنے والا بن سکتاہے۔

سعودی سفیر ڈاکٹر راجح البقمی نے دونوں ممالک ،عوام کے درمیان گہرے، برادرانہ ،سٹریٹجک تعلقات کو سراہا اور تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہارکیا، ڈاکٹر راجح البقمی نے کہا پنجاب کا ورثہ، مغلیہ یادگاروں سے لےکر زندہ روایات تک اپنے آپ میں ایک کشش ،لاہور کی مہمان نوازی، شہر کا کھانا، گرم جوشی اور استقبال پاکستان سے باہر بھی مشہور ہے۔