کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات ضروری،پاکستان ،عمان امن کیلئے ملکر کام کرینگے،اسحاق ڈار

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان،عمان نے خطے میں امن کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کرلیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار ،عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے ملاقات میںقریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاباہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے اعلیٰ سطح پر رابطوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے،پائیدار امن و استحکام کیلئے مذاکرات ،سفارتکاری کی ضرورت ہے،عمانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔

بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار نے کہا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا،آبنائے ہرمز ،باب المندب کے ذریعے جہاز رانی کی سلامتی ،آزادی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، شہریوں ،شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں،مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کےلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں، افغان سرزمین کو پاکستان کےخلاف کسی بھی سرگرمی کےلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔

عمان کے وزیر خارجہ نے کہا بات چیت میں اقتصادی ،تجارتی تعاون بالخصوص تجارت ،سرمایہ کاری، بندرگاہوں کے رابطوں اور لاجسٹکس، توانائی، غذائی تحفظ، سیاحت، ٹیکنالوجی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، اختلافات کے حل اور مزید کشیدگی کو روکنے کےلئے تعمیری روابط، باہمی تفہیم اور مسلسل سفارتی کوششیں انتہائی اہم ہیں، عمان ایران ،امریکہ کے درمیان مذاکرات سمیت، مکالمے کو آسان بنانے اور سفارتی کوششوں کی حمایت میں پاکستان کے تعمیری کردار کو حقیقی طور پر سراہتا ہے۔