لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے ملاقات کی،پنجاب میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، تھیٹر کی بحالی، محفوظ بسنت ،پاکستان و برطانیہ کے درمیان ثقافتی روابط مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی ،برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اویس شاہ بھی موجود تھے۔
برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے ثقافتی شعبے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو سراہا اور پنجاب میں محفوظ بسنت میلے کے کامیاب انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاپنجاب میں ثقافتی میلوں کی بحالی کےلئے بہت اچھے اقدامات کیے جا رہے ہیں، مجھے ذاتی طور پر پنجاب کی شاندار ثقافت جاننے میں لطف آتا ہے۔
بین وارنگٹن نے الحمرا آرٹس کونسل کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہاپنجاب میں بسنت 2027 کیلئے بہت پرجوش ہوں، گزشتہ سال بھی لاہور میں بہت اچھی بسنت منائی گئی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب میں تھیٹر کی بحالی وزیراعلیٰ مریم نواز کا مشن ،پنجاب میں فیملی تھیٹر کو بحال کیا جا رہا ہے ،تھیٹر کی بحالی اور فحاشی کا خاتمہ ترجیحات ہیں،تھیٹر کی بحالی کے فروغ کےلئے الحمرا میں کامیاب سٹیج ڈرامے پیش کیے گئے ، الحمرا کے تھیٹر ڈراموں میں خاندانوں کی بڑی تعداد میں شرکت عوامی پذیرائی کا ثبوت ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاپاکستان ،برطانیہ کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کےلئے کوشاں ، پنجاب ،برطانوی ہائی کمیشن لاہور مل کر ثقافت کے شعبے میں کام کر سکتے ہیں،عظمیٰ بخاری نے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن کو کلچر فیسٹیول میں شرکت کی دعوت بھی دی،ملاقات کے اختتام پر وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔
فیملی تھیٹر بحال، خاندانوں کی بھرپور شرکت عوامی پذیرائی کا ثبوت ہے،عظمیٰ بخاری

















