عالمی ثالثی عدالت کا بھارت کو پاکستان کےساتھ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا حکم

اسلام آباد(بیورورپورٹ) عالمی ثالثی عدالت نے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل رکھنے کا اقدام مسترد کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیدر لینڈ کے شہر دی ہیگ میں اقوام متحدہ کے منشور کے تحت قائم عالمی مستقل ثالثی عدالت نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل یا غیر فعال رکھنے کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے معاہدے کی حیثیت سے متعلق اپنا فیصلہ جاری کر دیا۔ثالثی عدالت نے متفقہ فیصلے میں قرار دیا کہ بھارت کی جانب سے پیش کی گئی کوئی بھی وجہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی یا خاتمے کا جواز فراہم نہیں کرتی، بھارت یکطرفہ طور پر معاہدے کو معطل یا ختم نہیں کرسکتا اور سندھ طاس معاہدے کے تحت اس کی ذمہ داریاں برقرار ہیں۔ ماہرین نے فیصلے کو پاکستان کے موقف اور بین الاقوامی قانون کی ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔